محمد حفیظ کی حمایت میں بھارت سے آوازیں اٹھنے لگیں

اسپورٹس ڈیسک  منگل 24 مارچ 2020
آکاش چوپڑا نے کرپٹ کرکٹرز کے بارے میں موقف کو درست قرار دیا۔ فوٹو : فائل     

آکاش چوپڑا نے کرپٹ کرکٹرز کے بارے میں موقف کو درست قرار دیا۔ فوٹو : فائل     

ممبئی: شرجیل خان کے معاملے پر محمد حفیظ کے موقف کی حمایت میں بھارت سے بھی آوازیں بلند ہونے لگیں۔

سابق کرکٹر آکاش چوپڑا نے پاکستانی آل راؤنڈر کے کرپٹ کرکٹرز کے بارے میں موقف کو درست قرار دیا ہے، وہ کہتے ہیں کہ آپ 1، 2 باصلاحیت کرکٹرز سے محرومی تو برداشت کرسکتے ہیں لیکن ایمانداری کو جانے دیا تو پیچھے کچھ نہیں بچے گا۔

یاد رہے کہ محمد  حفیظ نے اوپنر شرجیل خان کے داغدار ماضی کی جانب  اشارہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا تھا کہ کیا صرف صلاحیت کی وجہ سے ان کے ماضی کو بھلا دیا جائے گا۔ اس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے آل راؤنڈر کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سلیکشن معاملات پر تبصرہ نہ کریں۔

اس حوالے سے بھارت کے سابق کرکٹر آکاش چوپڑا نے کہاکہ حفیظ کو بات کرنے دیں، انھوں نے ایک اچھا نکتہ اٹھایا ہے، ان دنوں لوگ اس حوالے سے بات نہیں کرتے جوایک مسئلہ ہے، حفیظ درست کہہ رہے ہیں، انھوں نے اہم سوال اٹھایاکہ کیا چیز زیادہ اہم ہے ٹیلنٹ یا ایمانداری؟ میرے خیال میں آپ 1، 2 باصلاحیت کرکٹرز کا جانا برداشت کرسکتے ہیں لیکن اگر ایمانداری کو جانے دیا تو پھر پیچھے کچھ بھی نہیں بچے گا۔

چوپڑا نے مزید کہا کہ میں نے آئی پی ایل کے پہلے ایڈیشن میں نائٹ رائیڈرز میں حفیظ کیساتھ وقت گزارا، وہ فکسنگ جیسی چیزوں کو بالکل برداشت نہیں کرتے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔