دورئہ یو اے ای قومی ٹوئنٹی 20 اسکواڈ کا اعلان کل متوقع

ناقص کارکردگی کے سبب اوپنر ناصر جمشید کو ڈراپ کرنے کا امکان روشن ہوگیا۔


Saleem Khaliq December 01, 2013
سلیکٹرزشعیب ملک کی فٹنس سے مطمئن نہیں،حتمی فیصلہ پیر کو ہی کیا جائے گا۔ فوٹو: گیٹی امیچج/فائل

RAWALPINDI: دورئہ یو اے ای کیلیے قومی ٹوئنٹی 20 اسکواڈ کا اعلان پیر کو متوقع ہے، ناقص کارکردگی کے سبب اوپنر ناصر جمشید کو ڈراپ کرنے کا امکان روشن ہوگیا۔

ان کی جگہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھا پرفارم کرنے والے حیدرآباد کے شرجیل خان کے انتخاب پر غور جاری ہے، سلیکٹرز شعیب ملک کی فٹنس سے بھی مطمئن نہیں البتہ ان کے حوالے سے حتمی فیصلہ پیر کو ہی کیا جائے گا، عبدالرزاق اور محمد عرفان کے انتخاب کا کوئی چانس نہیں، دونوں انجری سے نجات کیلیے کوشاں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ سے واپسی کے بعد پاکستانی ٹیم کو متحدہ عرب امارات جانا ہے، وہاں سری لنکا کیخلاف مکمل سیریز سے قبل 8 دسمبر کو افغانستان سے ٹوئنٹی20میچ بھی ہو گا، آئی لینڈرز سے مختصر طرز کے 2مقابلے11 اور13 دسمبر کو ہونے ہیں، ان تین میچز کیلیے اسکواڈ کا اعلان پیر کو متوقع ہے، ناصر جمشید کو شائد یہ میچز گھر پر بیٹھ کر ٹیلی ویژن پر دیکھنا پڑیں، پروٹیز سے آخری تین ٹی ٹوئنٹی میں وہ 19،18اور19رنز تک ہی محدود رہے، زیڈ ٹی بی ایل کے شرجیل خان کو موقع دینے پر غور جاری ہے۔



وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ پرفارمنس سے سلیکٹرز کی نظروں میں آ چکے، انجری کے سبب دورئہ جنوبی افریقہ چھوڑ کر وطن واپس آنے والے آل رائونڈر شعیب ملک کی فٹنس سے سلیکٹرز مطمئن نہیں ہو سکے، حالانکہ وہ ڈپارٹمنٹل ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر رہے ہیں، ذرائع نے بتایا کہ شعیب کے بولنگ نہ کرنے اور دوران فیلڈنگ انگلی بچانے کی کوشش سے ارباب اختیار کو ایسا لگتا ہے کہ وہ اب بھی انجرڈ ہیں، دوسری جانب آل رائونڈر کے قریبی ذرائع کے مطابق پی سی بی ڈاکٹر کی ہدایت پر ہی وہ بولنگ نہیں کر رہے، پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ابھی 8روز باقی ہیں اس وقت تک وہ مکمل فٹ ہو جائیںگے، ایک اور انجرڈ آل رائونڈر عبداالرزاق نے پروٹیز کے دیس سے واپسی پر سلیکشن کمیٹی سے کوئی رابطہ نہیں کیا، وہ ڈومیسٹک ایونٹ میں بھی شریک نہیں، اس وجہ سے یو اے ای جانے کا کوئی امکان نہیں لگتا، محمد عرفان کے 3،4ہفتوںمیں فٹ ہونے کی اطلاعات پہلے ہی سامنے آ چکی ہیں، سلیکٹرز ون ڈے اور ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کپتان مصباح الحق کی مشاورت سے بعد میں کریںگے۔