عمر اکمل نے الزامات تسلیم کیے یا نہیں؟، بورڈ نے چپ سادھ لی

اسپورٹس رپورٹر  منگل 31 مارچ 2020
فکسنگ کیس میں جواب داخل کرنے کی آج آخری تاریخ
فوٹو: فائل

فکسنگ کیس میں جواب داخل کرنے کی آج آخری تاریخ فوٹو: فائل

 لاہور:  فکسنگ کیس میں ملوث عمر اکمل نے الزامات تسلیم کیے یا نہیں؟ پی سی بی نے چپ سادھ لی، بیٹسمین کی جانب سے جواب داخل کرنے کی منگل کو آخری تاریخ ہے۔

تفصیلات کے مطابق عمر اکمل کو پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ 4. 4. 2 کی دو بار خلاف ورزی کرنے پر 17 مارچ کو نوٹس آف چارج جاری کیا گیا تھا،ان پر بکیز کے رابطے کی اطلاع نہ کرنے کے الزام پر فرد جرم عائد ہوئی تھی، جرم ثابت ہونے پرعمراکمل کو 6 ماہ سے تاحیات پابندی کا سامنا ہے، چارج شیٹ کا جواب دینے کی منگل کو آخری تاریخ ہے، قانون کے مطابق اپنی غلطی کو تسلیم کرنے پر انھیں کم سزا مل سکتی ہے۔

الزامات سے انکار پر  ایک خصوصی ٹریبیونل کیس کی سماعت کرتے ہوئے  فیصلہ کرتا ہے، بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ عمر اکمل نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے الزامات کو چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، انھوں نے اعتراف کیاکہ وہ بکی کی جانب سے رابطہ کیے جانے پر قانون کے مطابق طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے بورڈ کو اطلاع نہیں کرسکے، البتہ رابطے پر پی سی بی کے ترجمان نے اس کی تصدیق سے گریز کیا، انھوں نے کہا کہ فی الحال اتنی معلومات شیئر کرسکتے ہیں کہ عمر اکمل کو منگل تک چارج شیٹ کا جواب جمع کرانا ہے۔

یاد رہے کہ عمراکمل نے 2009 میں کیریئر کے آغاز سے اب تک کرکٹ سے زیادہ تنازعات میں شہرت حاصل کی ہے، حالیہ کیس سامنے آنے پر معطلی کی وجہ سے انھیں پی ایس ایل5 کا کوئی میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا، اب پابندی کی تلوار سر پر لٹک رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔