ڈالرز نے آسٹریلوی کرکٹرز کو’’اچھا بچہ‘‘ بنا دیا

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 8 اپريل 2020
آئی پی ایل معاہدے چھننے کے خوف سے فقرے بازی نہیں کرتے،کلارک

آئی پی ایل معاہدے چھننے کے خوف سے فقرے بازی نہیں کرتے،کلارک

 لاہور:  آئی پی ایل کے ڈالرز نے آسٹریلوی کرکٹرز کو ’’اچھا بچہ‘‘ بنا دیا، سابق کپتان مائیکل کلارک کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے دوران کینگروز معاہدے چھن جانے کے خوف سے بھارتی کرکٹرز کیخلاف فقرے بازی نہیں کرتے۔

تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے کہا ہے کہ آسٹریلوی کھلاڑی انٹرنیشنل میچز میں بھارتی ٹیم اور کھلاڑیوں کیخلاف جارحیت دکھانے اور تلخ کلامی سے گریز کرتے ہیں،انھیں معلوم ہوتا ہے کہ ایسا کرنے سے ان کے آئی پی ایل میں ملین ڈالر معاہدے خطرے میں پڑ جائیں گے، انھوں نے کہا کہ کینگرو ٹیم روایتی طور پر میدان میں جارحانہ انداز اختیار کرتی ہے لیکن بھارت کیخلاف میچز میں اب ٹھنڈی نظر آتی ہے، سب جانتے ہیں کہ انٹرنیشنل کرکٹ، آئی پی ایل یا ڈومیسٹک مقابلے ہوں بھارتی کرکٹ میں پیسے کی فراوانی ہے۔

کرکٹرز کے ذہن میں خوف سوار ہوتا ہے کہ بھارتی ٹیم میں ویرات کوہلی سمیت کئی اسٹارز لیگ میں فرنچائز ٹیموں کے کپتان یا اہم کھلاڑی ہوں گے،اس لیے ان کے ساتھ میدان میں تعلقات بگاڑنے کا نتیجہ آئی پی ایل میں ملین ڈالرز معاہدوں سے محرومی ہوسکتا ہے، فرنچائز ٹیموں کا انتخاب ہوگا تو بھارتی کھلاڑی مخاصمت کو ذہن میں رکھیں گے،انھوں نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کے 11میں سے کم ازکم 10کھلاڑی تو بھارتی لیگ میں بھاری آمدنی پر نظریں جمائے ہوتے ہیں، اسی لیے میچز میں گرمجوشی کی کمی نظر آتی ہے۔

مائیکل کلارک نے کہا کہ میدان میں نرمی برتنا آسٹریلوی کرکٹ کا مزاج نہیں،پیسے کی لالچ میں کھلاڑیوں کی روایتی جارحیت کا کہیں کھوجانا افسوسناک ہے۔یاد رہے کہ کینگروز اپنی بدزبانی کی وجہ سے مشہور اور انٹرنیشنل کرکٹ میں دیگر ٹیموں کو زچ کرنے میں فخر محسوس کرتے رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔