کراچی میں ڈیفنس کی بیکری میں دھماکے سے علاقہ لرز اٹھا

اسٹاف رپورٹر  بدھ 29 اپريل 2020
واقعے کی اطلاع پر پولیس، رینجرز، ڈی ایچ اے،فائربریگیڈ کا عملہ اور ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں۔ فوٹو: ایکسپریس

واقعے کی اطلاع پر پولیس، رینجرز، ڈی ایچ اے،فائربریگیڈ کا عملہ اور ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: ڈیفنس فیز ٹو میں واقع بیکری میں دھماکے کے باعث اطراف کی کئی رہائشی و کمرشل عمارتیں لرز اٹھیں، کھڑکیوں اوردرجن سے زائد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جب کہ 2افرادشیشہ لگنے سے زخمی ہوگئے۔

ڈیفنس فیزٹو ایکسٹینشن سن سیٹ اسٹریٹ نمبر ون ماسٹر جوس ہاؤس کے قریب پلاٹ نمبر  42/C پر قائم چار منزلہ عمارت کے گراؤنڈفلور پر واقع بیکری میں پیر اور منگل کی درمیانی شب خوفناک دھماکاہواجس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے جنھیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں کی شناخت 17 سالہ نیک محمد ولد محمد میر اور اس کے بھائی 29 سالہ یار خان کے نام سے کی گئی۔

دھماکے کی آواز اتنی زور دار تھی کہ دور دور دورتک سنی گئی جبکہ دھماکے کی شدت سے اطراف کی نصف درجن سے زائد عمارتوں کی کھڑکیاں اور دروازے اکھڑ کر دور دور سڑکوں پر جا گرے ، اطراف میں مووجود ڈیرھ درجن سے زائد دکانوں کے شٹر اور سائن بورڈ اکھڑ گئے جبکہ 500 میٹر تک کھڑی ایک درجن سے زائد کاروں کے بھی شیشے ٹوٹ گئے۔

دھماکے آواز سن کر سحری میں مصروف علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد خوفزدہ ہو کر سڑکوں پر نکل آئی جبکہ دھماکے کی اطلاع ملنے پر پولیس ، رینجرز ، فائربریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ،ایس ایچ او ڈیفنس محمد علی نیازی نے جائے وقوع پرکرعمارتوں کی حالت اور سڑک پر بکھرے شیشے ، کھڑکیاں دروازے اور دیگر سامان دیکھ کر بم ڈسپوزل کے عملے کو طلب کرلیا، دھماکے کی اطلاع پر سی ٹی ڈی سول لائن کے انچارج راجہ عمر خطاب اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوع کا معائنہ کیا۔

عینی شاہد کے مطابق جس بیکری میں دھماکہ ہوا ہے اس کے بیسمنٹ میں بیکری کا سامان تیار کرنے کیلیے کچن تھا ، بیکری میں سوئی گیس نہیں تھی تاہم اس میں مبینہ طور پر 12 ایل پی جی کے سلنڈر موجود تھے جس میں ہر ماہ 3 لاکھ روپے کی گیس بھری جاتی تھی مذکورہ بیکری کا کرایہ 2 لاکھ 75 ہزار تھا۔

مذکورہ عمارت کی دوسری منزل پر رہائش پذیر رفیق نامی شخص نے بتایا کہ تقریباً ساڑھے 3 بجے شب اتنا زور دار دھماکہ ہواکہ ایک لمحہ کو لگا کہ قیامت بپا ہو گئی ہے، فلیٹ کے درو دیوار لرزگئے،گھر کی تمام چیزوں کے شیشے ٹوٹ کر فرش پر بکھر گئے جبکہ کھڑکیاں فریم سمیت اکھڑ گئیں۔

متاثرہ عمارت سے متصل عمارت کے رہائشی شخص نے بتایا کہ دیر رات کو ایک سیاہ رنگ کی کار آ کر بیکری کے سامنے کھڑی ہوئی جو علاقے کے تقریباً تمام لوگوں نے دیکھی اور حیرت کا اظہار کیا کیونکہ اس جگہ پر کبھی پارکنگ ہی نہیں ہوئی تھی، دھماکے کے بعد اس گاڑی کے بھی پارٹس بیکری کے سامنے پڑے دیکھے گئے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ایک ممبر کا کہنا تھا کہ فوری طور پر ایسے شواہد نہیں ملے جس سے لگے کہ کوئی تخریب کاری ہوئی تاہم بس منٹ میں بھر جانے والا ملبہ خالی ہوگا تواس مقام کو دیکھا جائے گا جہاں ایل پی جی کے سلنڈر رکھے تھے اس کے بات صحیح معلومات حاصل ہوںگی، جائے وقوع سے کچھ شواہد اکھٹے کر لیے، دھماکے کی شدت کو دیکھتے ہوئے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔

ابتدائی تحقیقات میں گیس سلنڈردھماکا لگتا ہے، انچارج سی ٹی ڈی

سی ٹی ڈی کے انچارج راجہ عمرخطاب نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میںگیس سلنڈر دھماکا لگتا ہے تاہم تخریب کاری کے امکان کو بھی رد نہیں کیاجاسکتا، بیسمنٹ خالی ہونے کے بعد کچھ بھی کہا جا سکتا ہے جبکہ جس عمارت میں دھماکا ہوا اس کا بیشتر جگہ سے پلستر اکھڑ گیا ، عمارت میں متعدد مقامات پر دراڑیں بھی پڑگئی ہیں اور دو ستونوںکوبھی نقصان پہنچاہے ، تحقیقاتی اداروں کی رپورٹ کے بعد افسران کے حکم پر مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ڈیفنس میں ہونیوالے بم دھماکے کی فوٹیج منظر عام پر آ گئی

ڈیفنس فیزٹومیں بیکری میں ہونے والے دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آ گئی، دھماکے سے متاثرہونیوالی عمارت خالی کرا لیا گیا، تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیزٹومیں بیکری میں ہونے والے خوفناک دھماکے کی سی سی ٹی وی وڈیو منظر عام پرآگئی۔

فوٹیج کے مطابق بیکری میں دھماکا رات2 بج کر59 منٹ پر ہوا، فوٹیج میں دکان میں ہونے دھماکے کے مناظر واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں، دھماکا ہوتے ہی علاقے میں مٹی اور دھول پھیل گئی ہے۔

ایس ایچ او ڈیفنس محمد علی کا کہنا تھا کہ جس دکان میں دھماکا ہوا وہاں صفائی کرائی جا رہی اورملبہ اٹھانے کاکام جاری ہے اس سے پہلے کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا،بم ڈسپوزل اسکواڈکے عملے نے اب تک اپنی رپورٹ جاری نہیں کی ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈکی رپورٹ کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا کہ دھماکاکیسے اور کیوں ہوا۔

انھوں نے کہاکہ بیکری جس رہائشی عمارت کے نیچے قائم تھی دھماکے کے باعث اس عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے اور عمارت کے کئی پلرزکمزورہو گئے ہیں جس کی وجہ سے عمارت کوخالی کرا لیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔