بلی اپنے بیمار بچے کا علاج کروانے اسپتال لے آئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 2 مئ 2020
ترکی کے ایک ہسپتال میں بلی اپنے بچے کو لے آئی اور ہسپتال انتظامیہ نے اس کی بھرپور مدد کی ۔ فوٹو: اوڈٹی سینٹرل

ترکی کے ایک ہسپتال میں بلی اپنے بچے کو لے آئی اور ہسپتال انتظامیہ نے اس کی بھرپور مدد کی ۔ فوٹو: اوڈٹی سینٹرل

استنبول: استنبول کے ایک اسپتال میں دلچسپ واقعہ پیش آیا جس میں ایک بلی اپنے بیمار بچے کو منہ میں دبائے داخل ہوئی اور وہاں موجود عملے نے فوری طور پر اس کی مددکی اور دونوں کا معائنہ کرکے دودھ بھی پیش کیا۔

بلی اور اس کے بچے کی تصاویر پوری دنیا میں مقبول ہورہی ہیں۔ جیسے ہی ڈاکٹروں کی نظر بلی اور اس کے بچے پر پڑی وہ فوری طور پر متوجہ ہوئے اور ڈاکٹروں نے انہیں گھیرے میں لے لیا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ترک قوم جانوروں سے خاص لگاؤ رکھتی ہے اور لاوارث جانوروں کا خیال رکھنے میں عالمی شہرت کی حامل ہے۔

یہ خبر ترک سوشل میڈیا پر مشہور ہوتے ہوئے پوری دنیا میں پھیلی جس میں بلی کے چھوٹے بچےکو اس کی ماں کے ساتھ اسپتال کے ایمرجنسی روم میں دیکھا جاسکتا ہے۔ اس بے زبان مخلوق کو فوری طور پر مدد دی گئی اور اسپتال کے عملے نے ماں اور بچہ بلی کا بغور معائنہ کیا اور انہیں دوائیں دیں۔

انتظامیہ کے مطابق بے تاب ماں اپنے بچے کو نظر سے اوجھل نہیں ہونے دے رہی تھی اور ہر لمحے اس کے ساتھ موجود رہی۔ اسپتال کے عملے نے دونوں کو دودھ اور بسکٹ بھی دیئے جو انہوں نے خوشی خوشی کھالیے۔

آخری اطلاعات تک دونوں کی صحت بالکل ٹھیک تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔