ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا امکان مسترد

پٹرول 2 لاکھ 85 ہزار ٹن اور ڈیزل کا 3 لاکھ 50 ہزار ٹن کا اسٹاک موجود ہے، وزارت توانائی


Business Reporter May 04, 2020
پی ایس او کیلیے پٹرول اور ڈیزل لانیوالے دو جہاز پورٹ قاسم پہنچ چکے، 50 ہزار ٹن پٹرول اور 55 ہزار میٹرک ٹن ڈیزل لیکر آئے ہیں ۔ فوٹو: فائل

لاہور: وزارت توانائی نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا امکان مسترد کردیا ہے۔

وزارت توانائی کے پیٹرولیم ڈویژن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کا وافر اسٹاک ہے اور قلت کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے یکم مئی اور 2 مئی کو فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا، دوسری جانب پیٹرول پمپس مالکان نے کمپنیوں سے پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری نہیں کی تھی۔ وزارت توانائی نے بیان میں کہا کہ ملک میں پیٹرول کا 2 لاکھ 85 ہزار ٹن اور ڈیزل کا 3 لاکھ 50 ہزار ٹن کا اسٹاک موجود ہے۔

موجودہ اسٹاک آئندہ 15 روز کی طلب پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔ پی ایس او کے لیے پیٹرول اور ڈیزل لانے والے دو جہاز پورٹ قاسم پہنچ چکے ہیں۔ جہاز 50 ہزار ٹن پیٹرول اور 55 ہزار میٹرک ٹن ڈیزل لے کر آئے ہیں۔وزارت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی ضرورت سے زیادہ خریداری نہ کریں۔ وزارت توانائی اور پیٹرولیم ڈویژن پاکستان میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

 

مقبول خبریں