کروڑوں روپے کی کورونا کٹس برطانیہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

طالب فریدی / ویب ڈیسک  جمعرات 21 مئ 2020
لاہور ایئرپورٹ سے 6من کورونا کنسائنمنٹ لاہور سے برطانیہ کے لیے بک کروائی گئی تھیں فوٹو:فائل

لاہور ایئرپورٹ سے 6من کورونا کنسائنمنٹ لاہور سے برطانیہ کے لیے بک کروائی گئی تھیں فوٹو:فائل

 لاہور: کروڑوں روپے مالیت کی کورونا وائرس سے بچاؤ کی حفاظتی کٹس برطانیہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئیں جنہیں فٹ وئیر کی آڑ میں اسمگل کیا جارہا تھا۔

اسسٹنٹ کلکٹر کسسٹم ایکسپورٹ شفاعت علی مرزا نے لاہور ائیرپورٹ کارگو جیری شیڈ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر کورونا حفاظتی کٹس کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

لاہور ایئرپورٹ کارگو سے 6من دس کلو گرام کورونا حفاظتی کنسائنمنٹ لاہور سے برطانیہ کے لیے بک کروائی گئی تھیں۔ سیالکوٹ کی نجی کمپنی نے کورونا میڈیکل کٹس کو فٹ ویئر ظاہر کرکے لندن بجھوانے کی کوشش کی تھی۔

اسسٹنٹ کلکٹر کسٹم ایکسپورٹ شفاعت علی مرزا نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

کلکٹر ایئرپورٹ کسٹم عظمت طاہرہ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کلکٹر کسٹم شفاعت علی مرزا نے حفاظتی کٹس قبضے میں لیکر کمپنی مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی۔ کلکٹر ایئرپورٹ کسٹم عظمت طاہرہ نے کسٹم عملے کو اس بروقت اقدام پر شاباش دی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر فیس ماسک اور حفاظتی کٹس کی بیرون ملک ترسیل پر پابندی ہے۔ کسٹم عملہ حکومت پاکستان کی ہدایات کی روشنی میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔