مسلسل تیسری اننگز کی شکست کو ویسٹ انڈیز کا انتظار

کیویز کیخلاف فالو آن، 168 پر 2 وکٹیں گنوا دیں، بدستور 228 کے خسارے کا سامنا


AFP/Sports Desk December 06, 2013
پہلی باری کا213 پر اختتام ہوا، یوں 396 رنزکے خسارے کا سامنا کرنا پڑا،فوٹو:کرک انفو

ڈونیڈن میں مسلسل تیسری اننگزکی شکست کو ویسٹ انڈیز کا انتظار ہے، ٹیم نے فالوآن کے بعد 168 رنز پر 2 وکٹیں گنوا دیں، اسے اب بھی228کے خسارے کا سامنا ہے،براوو 72 پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

قبل ازیں پہلی باری کا213 پر اختتام ہوا، یوں 396 رنزکے خسارے کا سامنا کرنا پڑا،چندرپال نے 76 کی اننگز کھیلی۔ یونیورسٹی اوول گرائونڈ میں تیسرے دن3رنز کے اضافے سے ویسٹ انڈیز نے وکٹ گنوا دی، براوو (40) کو سائوتھی نے میک کولم کی مدد سے میدان بدر کیا، یوں مجموعی اسکور70پر3 وکٹ ہو گیا، مارلون سموئلز (14) بھی جلد ہی پیسر کا شکار بن گئے، چندرپال نے دیونارائن کے ساتھ مل کر ٹیم کی سنچری مکمل کرائی مگر نوجوان بیٹسمین کو15رنز پر سائوتھی نے پویلین واپسی پر مجبور کر دیا، کیچ ٹیلر نے تھاما، تجربہ کار لیفٹ ہینڈر نے دنیش رامدین کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلیے 68رنز کی شراکت بنائی، بولٹ کی گیند واٹلنگ کے گلوز تک پہنچانے سے قبل رامدین نے12رنز اسکور کیے، چندرپال بھی 76 رنز پر ہمت ہار گئے۔



ساؤتھی چوتھی وکٹ کے حصول پر ٹیلر کے شکرگذار نظر آئے، سودھی نے شلنگفورڈ (9) کی بیلز اڑائیں اورگبرائل کو ایل بی ڈبلیو کیا،اس سے قبل ٹینو بیسٹ رن آئوٹ ہوئے، آخری دونوں پلیئرز کھاتہ نہ کھول سکے، کپتان ڈیرن سیمی بے بسی سے وکٹیں گرنے کا تماشہ دیکھتے ہوئے 27 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، سائوتھی نے 4 اور بولٹ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، ویسٹ انڈین ٹیم62.1 اوورز میں213 پر آئوٹ ہوئی، یوں نیوزی لینڈ کو 396 رنز کی سبقت حاصل ہوئی، فالوآن کی رسوائی کا سامنا کرنے والی مہمان سائیڈ نے کھیل ختم ہونے تک168 رنز پر 2 وکٹیں گنوا دیں، پاول 12 کو بولٹ نے سائوتھی کی مدد سے واپسی پر مجبور کیا، ایڈورڈز نے براوو کے ساتھ117رنز جوڑے، اوپنر کو 59رنز پر سودھی نے ایل بی ڈبلیو کیا، براوو 72 اور سموئلز17پر ناٹ آئوٹ واپس گئے، ٹیم کو اب بھی 228رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔