بھارتی میڈیا پر ایک بار پھر پاکستانی کبوتر کی بازگشت

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 27 مئ 2020

نارووال: بھارتی میڈیا پر ایک بار پھر پاکستان کبوتر کی باز گشت ہے۔

بھارتی حکومت نے کھٹوعہ کے علاقے میں ایک جاسوس کبوتر پکڑنے کا دعوی کیا جس کا پروپیگنڈا بے بنیاد نکلا، اصل حقائق ’’ایکسپریس نیوز‘‘ سامنے لے آیا۔

قیدی کبوتر نارووال کی تحصیل شکرگڑھ کے سرحدی گاؤں بگا کے رہائشی کبوتر باز حبیب اللہ کا نکلا، حبیب اللہ نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ عید کے روز کبوتر اڑائے،ایک کبوتر غلطی سے سرحد پار چلا گیا،میرے پاس کبوتر کی ملکیت کے ثبوت  ہیں،کبوتر کے پاؤں میں جو چھلا ہے وہ کوئی خفیہ پیغام یا کوڈ نہیں بلکہ میرا موبائل نمبر ہے۔

بھارتی میڈیا پروپیگنڈا بند کرے،مودی میرا کبوتر  واپس کرے ورنہ سرحد پر احتجاج کروں گا،حبیب اللہ  اور شہریوں نے اس موقع پر بھارتی حکومت اور میڈیا کے خلاف شدید نعرے بازی بھی  کی۔

اہل دیہہ نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ جس طرح ہم نے بھارتی پائلٹ واپس کیا تھا اسی طرح ہمارا کبوتر بھی واپس کیا جائے،پاکستانی حکومت بھی کبوتر کی واپسی کے لیے اقدام کرے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔