منیبہ اسکول کی عمارت پر قبضے کیخلاف طلبا کا احتجاج

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 7 دسمبر 2013
منیبہ گورنمنٹ اسکول پر قبضے کے خلاف طلبا دستگیرمیں جاویدنہاری ریسٹورنٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیے ہوئے ہیں(فوٹو ایکسپریس)

منیبہ گورنمنٹ اسکول پر قبضے کے خلاف طلبا دستگیرمیں جاویدنہاری ریسٹورنٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیے ہوئے ہیں(فوٹو ایکسپریس)

کراچی: منیبہ گورنمنٹ پرائمری اسکول کی عمارت پرقبضے کے خلاف جمعہ کو سیکڑوں طلبہ وطالبات نے اسکول کی ملکیت کے دعویدار جاوید نہاری ہاؤس کے سامنے طویل احتجاج کیا، احتجاج 2گھنٹے تک جاری رہا۔

فیڈرل بی ایریا کے علاقے دستگیر میں قائم جاوید نہاری ہاؤس کے باہر اسکولوں کے طلبہ وطالبات کے احتجاجی مظاہرے میں متعلقہ حلقے کے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی خالد بن ولایت ،پیپلزپارٹی کے رہنما سہیل عابدی اورتعلیم بچاؤایکشن کمیٹی کے کنوینرانیس الرحمٰن بھی شریک ہوئے جبکہ اے ڈی اوایلیمنٹری ایجوکیشن قربان دھڑاورڈی اوایجوکیشن پریل شیخ بھی اسکولوں کے طلبہ وطالبات سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرے میں موجود تھے،طلبہ وطالبات مسلسل دوگھنٹے تک جاوید نہاری کے سامنے موجود رہے، سڑک پربیٹھ گئے اورنعرے لگاتے رہے، اس موقع پرجاوید نہاری کے مالکان اپنی دکان سے چلے گئے،طلبہ و طالبات کے احتجاج کے موقع پر اسکول کے ہیڈ ماسٹرکے علاوہ خواتین اساتذہ بھی شریک تھیں،احتجاجی مظاہرے میں جاوید نہاری کے آس پاس کے علاقہ مکین بھی شریک ہوگئے ۔

علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ کاروبارکی خاطر تعلیمی اداروں پر قبضے کے اس شرمناک عمل کے خلاف اسکول کے طلبا کے ساتھ ہیں، علاقہ مکینوں نے طلبہ وطالبات سے اظہاریکجہتی کے لیے جاوید نہاری کے مالکان کے متعلقہ اقدام کوسخت تنقید کانشانہ بنایا، اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی خالد بن ولایت کا کہنا تھا کہ ایک منظم سازش کے تحت کراچی کے اسکولوں پرمسلسل قبضہ کیا جارہاہے تاہم وہ اس اقدامات کی ہرفورم پر مخالفت کریں گے،سندھ اسمبلی میں اس معاملے کو اٹھایاجائے گا ، حق پرست رکن صوبائی اسمبلی خالد بن ولایت کا کہنا تھا کہ اب تک کراچی کے درجنوں سرکاری اسکولوں کولینڈمافیا کے حوالے کیا جا چکا ہے،منیبہ اسکول کوبھی حقیقی مالکان کے بجائے متعلقہ پارٹی کے حوالے کرنا اسی اقدام کی ایک کڑی ہے جس کی ہرسطح پر بھرپور مخالفت کی جائے گی۔

احتجاجی مظاہرے میں موجود پیپلز پارٹی کے رہنما سہیل عابدی کاکہنا تھا کہ قومیائے گئے اسکولوں کو قانون کے تحت ان کے اصل مالکان کے حوالے کیاجاسکتاہے جس کے لیے اسکول کی عمارت میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنا بھی شرط ہے،جاوید نہاری کے مالکان منیبہ اسکول کے اصل مالکان ہیں اورنہ ہی متعلقہ قانون کو اس سلسلے میں ملحوظ خاطررکھاجارہاہے اس موقع پرموجود تعلیم بچاؤایکشن کمیٹی کے کنوینرانیس الرحمن کا کہنا تھا کہ منیبہ اسکول کومتعلقہ نجی پارٹی کے حوالے کرنے کی سازش سابق وزیر تعلیم پیر مظہرالحق کے دور میں شروع کی گئی تھی اس عمل کے براہ راست ذمے دارسابق وزیر تعلیم پیرمظہرالحق ہیں قبضہ مافیا کو پیر مظہر نے شہہ دی لہذا نیب کواس معاملے کانوٹس لیتے ہوئے سابق وزیرتعلیم کوشامل تفتیش کرنا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔