کسٹم کلکٹریٹ گراؤنڈنگ میں تاخیر کے نام پر غیر قانونی وصولیوں کا نوٹس

گراؤنڈنگ میں تاخیر کے نام پر وصول شدہ چارجز واپس کئے جائیں کیونکہ یہ وصولیاں غیرقانونی ہیں،ڈپٹی کلکٹرکسٹمز


Ehtisham Mufti December 08, 2013
پی آئی سی ٹی انتظامیہ گراؤنڈنگ میں تاخیرکےنام پردرآمدی کنٹینرز کے مالکان سے اضافی وصولیاں کررہی ہے فوٹو : آن لائن

ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ اپریزمنٹ ایسٹ نے پاکستان انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پرگراؤنڈنگ میں تاخیر کے نام پرغیرقانونی ڈیمریج کی وصولیوں کا نوٹس لے لیا ہے اور مذکورہ ٹرمینل آپریٹرکو درآمدکنندگان سے مزیدوصولیوں کو روکتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ 15 نومبرتا6 دسمبر2013 کے دوران وصول کیے گئے چارجزریفنڈ کرے۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کلکٹریٹ کے ڈپٹی کلکٹرکسٹمز ڈاکٹرشہاب امام کی جانب سے پی آئی سی ٹی کے سی ای او کو اس ضمن میں بھیجے گئے نوٹس نمبر pp(East)PICT/2013 C.NO.(2)MCC-A میں کہا گیا ہے کہ محکمہ کسٹمز کو متعدد تجارتی اداروں اور کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے شکایات موصول ہوئی ہیں کہ پی آئی سی ٹی انتظامیہ گراؤنڈنگ میں تاخیر کے نام پر ڈیمریج، ڈیٹنشن اور وہارفیج کے نام پران درآمدی کنٹینرز کے مالکان سے اضافی وصولیاں کررہی ہے جن کی گراؤنڈنگ میں تاخیر کی ذمے داری بھی پی آئی سی ٹی پر عائد ہوتی ہے کیونکہ مذکورہ ٹرمینل آپریٹر کے پاس مطلوبہ جگہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہونے والی تاخیر کی ذمے دار متعلقہ درآمدکنندہ پر عائد نہیں ہوتی ہے۔ کسٹمزکلکٹریٹ نے اپنے نوٹس میں پی آئی سی ٹی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ کنٹینرکی گراؤنڈنگ میں تاخیر کے نام پر وصول شدہ چارجز متعلقہ درآمدکنندگان کو واپس کرے کیونکہ یہ وصولیاں غیرقانونی ہیں، نوٹس میں پی آئی سی ٹی کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وصول شدہ رقم کوفی الفورقومی خزانے میں جمع کرائے، پی آئی سی ٹی کے نام اس نوٹس کی نقول دیگراعلیٰ کسٹمزحکام واسٹیک ہولڈرز کوبھی ارسال کی گئی ہے۔



دریں اثنا کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبداللہ ذکی نے محکمہ کسٹمز کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں میں ٹرانسپورٹرز کی طویل دورانیے کی ہڑتال سے متاثرہ درآمدوبرآمدکنندگان تاحال پریشانیوں سے دوچار ہیں، ان حالات میں نجی ٹرمینل آپریٹرز کو اپنا منافع بڑھانے کے بجائے اپنے ان اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کا بھی تحفظ کرنا چاہیے جنکی پورے سال کی تجارتی سرگرمیوں سے یہی ٹرمینل آپریٹرز استفادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے نجی ٹرمینلز پر کنسائمنٹس کا بیک لاک ختم نہ ہونے کے سبب ملکی برآمدات متاثر ہورہی ہیں، ٹرمینلز کے پاس مطلوبہ جگہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے بندرگاہوں پر پہنچنے والے برآمدی کنٹینرز کی کسٹمزایگزامنیشن میں رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں اوراسی تاخیر کے باعث اب تک 3 بحری جہازبرآمدی کنسائمنٹس کی ڈلیوری وصول کیے بغیر روانہ ہوچکے ہیں، کراچی چیمبر کا مطالبہ ہے کہ نجی ٹرمینل آپریٹرز تاجر برادری کے ساتھ دوستانہ روابط برقرار رکھنے کے لیے ہڑتال کے ایام میں پھنسے ہوئے کنٹینرز پر بھی ڈیمریج وڈیٹنشن چارجز معاف کرنے کا اعلان کرے۔

مقبول خبریں