پہلی بار ڈالر کے اوپن مارکیٹ ریٹ انٹربینک سے کم ہوگئے

اوپن مارکیٹ میں ڈالر50پیسے کمی سے107.9،انٹربینک میں108.2روپے کا ہوگیا


Ehtisham Mufti December 10, 2013
وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارکا نوٹس،آج بینک سربراہوں کااجلاس طلب کرلیا فوٹو: اے ایف پی/فائل

JACOBABAD: ملکی تاریخ میں پہلی بار انٹربینک کی نسبت اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر گھٹ گئی، پیر کو اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید 50 پیسے کی کمی سے107.90 روپے کی سطح پر آگئی۔

جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالرکی قدر20 پیسے کی کمی سے108.20 روپے ہو گئی، وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اوپن مارکیٹ کی نسبت انٹربینک میں امریکی ڈالر کی زائد قدر کا نوٹس لیتے ہوئے منگل کو گورنراسٹیٹ بینک اور تمام بینکوں کے سربراہوں پرمشتمل اجلاس طلب کرلیا ہے۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک محمد بوستان نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ وزیرخزانہ کے مشیررانا اسد امین متعلقہ ریگولیٹر کے اشتراک سے زرمبادلہ کی صورتحال اورڈالر کی قدرکی مستقل مانیٹرنگ کررہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں بتدریج کمی ہورہی ہے لیکن انٹربینک میں یہ رفتار انتہائی سست ہے جس کی وجہ سے ڈالر میں سٹے بازی کا رحجان بڑھتا جارہا ہے اور پیر کو انہی سٹے بازوں نے اوپن مارکیٹ سے فی ڈالر107.90 روپے میں خریدکر انٹربینک مارکیٹ میں فروخت کیے جس سے وزارت خزانہ کو آگہی حاصل ہوگئی ہے۔



وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ منگل کو وزیرخزانہ کے زیرصدارت اجلاس میں انٹربینک میں ڈالر کی قدر پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات متوقع ہیں۔ ملک بوستان نے وزارت خزانہ کو تجویز دی ہے کہ وہ بینکوں کے ناسٹرواکاؤنٹ کی حد کو کم کرے اور زرمبادلہ کی ہولڈنگ پر پابندی عائد کی جائے، تجارتی بینکوں کو زیرومارجن میں لیٹر آف کریڈٹس کھولنے کی سہولت ختم کرتے ہوئے 100 فیصد مارجن کی شرط پر ایل سی کھولنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ انٹربینک میں یومیہ 300 ملین ڈالرکا ٹرن اوور ہے جس میں 80 تا90 ملین ڈالر صرف خام تیل کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں جس سے بینک بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایکس چینج کمپنیاں وزیرخزانہ کے اعلان کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدرکو98 روپے کی سطح پر لانا چاہتی ہیں لیکن انٹربینک مارکیٹ کی منفی سرگرمیاں راہ میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ منگل کو وزیرخزانہ کی زیرصدارت اجلاس میں امریکی ڈالر کے انٹربینک ریٹ پر کنٹرول کے لیے سخت فیصلے کیے جائیں گے۔

مقبول خبریں