پی ایس او نے ملک میں اپنا پہلا الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن نصب کردیا

بزنس رپورٹر  بدھ 29 جولائی 2020
چارجنگ اسٹیشن کی افتتاحی تقریب، وفاقی وزیر عمر ایوب اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی ندیم بابر کی شرکت (فوٹو : ایکسپریس)

چارجنگ اسٹیشن کی افتتاحی تقریب، وفاقی وزیر عمر ایوب اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی ندیم بابر کی شرکت (فوٹو : ایکسپریس)

 کراچی: پی ایس او نے الیکٹرک کاروں کے لیے پاکستان میں اپنا پہلا الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن نصب کردیا۔

پاکستان اسٹیٹ آئل کے مطابق اسلام آباد کے علاقے ایف 7 میں کیپری گیس اسٹیشن پر’’پی ایس او الیکٹرو‘‘ کے نام سے الیکٹرک گاڑیوں کے لیے اپنا پہلا چارجنگ اسٹیشن کامیابی کے ساتھ نصب کردیا۔ چارجنگ اسٹیشن کی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر برائے پاور اور پیٹرولیم عمر ایوب اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی ندیم بابر بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔

اپنے خطاب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ  ہمیں ماحولیات کے تحفظ کے اہم چیلنجزسے نمٹنے کی ضرورت ہے، الیکٹرک گاڑیاں ماحولیات کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کریں گی کیوں کہ ان گاڑیوں سے دھویں کا اخراج نہیں ہوتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی کے تحت ملک بھر میں الیکٹرک وہیکل مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کیے جائیں گے جس سے ناصرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ معیشت پر بھی بہتر اثرات مرتب ہوں گے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر کا کہنا تھا کہ پاکستان فضائی آلودگی کو کم کرنے اورماحولیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کے مقصد کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، ہم نے 30 فیصد انرجی مکس کو بجلی سے حاصل کردہ انرجی ذرائع (ہائیڈل پاور جنریشن) پر منتقل کرنے کاارادہ کیا ہے، عالمی سطح پر اس ماحول دوست ٹیکنالوجی کو اپنایا جاچکا ہے اور حکومت اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کررہی ہے۔

ایم ڈی اور سی ای او پی ایس او محمد طہٰ کا کہنا تھا کہ ای وی چا رجنگ اسٹیشن کا قیام پی ایس او کے ماحولیاتی بہتری کے مقاصد کی جانب ایک اور اہم قدم ہے، حکومت پاکستان کی جانب سے رہنمائی اور تعاون سے ہم ملک بھر کے بڑے شہروں اور مختلف شاہراہوں پر مزید ای وی چارجر نصب کر کے ای موبیلٹی کے مستقبل کو فروغ دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔