رنز کیلیے ٹیلر کی پیاس نہ بجھ پائی مسلسل دوسری سنچری

ویلنگٹن میں کیویز کے307 پر 6 پلیئرز آؤٹ، ویسٹ انڈیز کے بیسٹ کی 2 وکٹیں


Sports Desk December 12, 2013
ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسری سنچری بنانے کے بعد کیوی بلے باز ٹیلر شائقین کی داد کا جواب دے رہے ہیں۔گیٹی امیجز

رنز کیلیے روس ٹیلر کی پیاس نہ بجھ پائی، انھوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں سنچری داغ دی۔

سابق کپتان نے ویلنگٹن ٹیسٹ کے ابتدائی روز 129 رنز اسکور کرکے ٹیم کا ٹوٹل 6 وکٹ پر 307 تک پہنچادیا، انھوں نے اختتامی لمحات میں وکٹ گنوائی، ٹینو بیسٹ نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف سابق کپتان روس ٹیلر کا بیٹ کافی متحرک دکھائی دے رہا ہے، وہ اب تک تین اننگز میں 362 رنز اسکور کرچکے اور صرف ایک بار آئوٹ ہوئے ہیں، ڈونیڈن کے پہلے میچ میں انھوں نے ڈبل سنچری اسکور کی تھی، بولرز کی جنت سمجھے جانے والے بیسن ریزرو اسٹیڈیم میں ٹیلر نے انتہائی مہارت کا ثبوت دیا اور ساتھ میں کچھ قسمت بھی کام آئی، اننگز کے آغاز پر ہی ان کا کرک ایڈورڈز نے سلپ میں کیچ ڈراپ کیا، پھر جب 122 رنز پر تھے تب یہ غلطی فائن لیگ پر ٹینو بیسٹ نے دہرائی، آخر کار دن کے اختتام سے تھوڑی دیر قبل وہ شینن گیبرائیل کی گیند پر آئوٹ ہوگئے، شلنگفورڈ نے شاندار انداز میں ڈائیو لگا کر کیچ تھاما، ٹیلر نے 129 رنز کیلیے 227 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 15 چوکے لگائے، نیوزی لینڈ نے پہلے دن کا اختتام 307 رنز 6 وکٹ پر کیا۔



اس سے پہلے ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پہلی ہی گیند پر فلٹن کے ایل بی ڈبلیو ہونے کی خوشیاں منانا بھی شروع کردیں، وہ فیصلہ چیلنج کرکے بچ گئے لیکن اس کا زیادہ فائدہ نہیں ہوا، چند اوورز بعد فلٹن صرف 6 رنز بناکر ڈیرن سیمی کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوگئے، ہمیش ردرفورڈ کا 8 رنز پر سیمی نے کیچ ڈراپ کیا مگر وہ مزید تین رنز بناکر ٹینو بیسٹ کی گیند پر وکٹ کیپر دنیش رامدین کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، انگوٹھے کی انجری کے باعث ڈونیڈن میں نہ کھیل پانے والے کین ولیمسن نے 45 رنز تک تو اچھی اننگز کھیلی مگر پھر بیٹ کی وائیڈ ڈلیوری سے چھیڑ چھاڑ کر بیٹھے، جس کا نتیجہ سلپ میں سیمی کے ہاتھوں کیچ کی صورت میں نکلا، کپتان برینڈن میک کولم (37)ڈیونرائن کی گیند پر ایڈورڈز کا کیچ بنے جبکہ کورے اینڈرسن کو 38 رنز پر شلنگفورڈ نے پاول کی مدد سے قابو کیا۔