صوابی میں گھریلو تنازع پر نوجوان نے فائرنگ کرکے والد نانا اور ماموں کو قتل کردیا

ملزم نے پہلے اپنے نانا اور ماموں پھر اپنے گھر جاکر والد کو قتل کیا، ایف آئی آر کا متن


August 09, 2020
واقعے کی رپورٹ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، پولیس حکام فوٹو: فائل

KARACHI: نواحی علاقے زیدہ میں نوجوان نے گھریلو تنازع پر اندھا دھند فائرنگ کرکے والد، نانا اورماموں کو قتل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوابی کے تھانہ زیدہ میں محمد علی نامی شخص نے رپورٹ درج کرائی کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ڈیڑھ بجے کے قریب ان کا بھانجا عالم خان ولدعالمزیب خان گھر میں داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر اس کے والد سراج محمد اور بھائی انور علی موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ جس کے بعد عالم خان اپنے گھر گیا اور فائرنگ کرکے اپنے باپ عالمزیب خان کو بھی قتل کردیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ درخواست گزار نے واقعے کی وجہ گھریلو تنازع قرار دیا ہے۔ ملزم فرار ہے اور واقعے کی رپورٹ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔