پرتھ ٹیسٹ آسٹریلوی طوفان کے سامنے انگلش قدم اکھڑنے لگے

180 پر 4 وکٹیں گنوادیں، کک کی ہمت 72 پر جواب دے گئی، بدستور 205 رنز کا خسارہ


AFP December 15, 2013
پرتھ ٹیسٹ: انگلش کپتان الیسٹر کک کا اسکوائر لیگ کی جانب شاٹ، انھوں نے72 رنزکی اننگز کھیلی۔ فوٹو: گیٹی امیجز

KARACHI: تیسرے ایشز ٹیسٹ میں آسٹریلوی طوفان کے سامنے پھر انگلینڈ کے قدم اکھڑنے لگے، دوسرے روز کے اختتام تک 180رنز پر4 اہم وکٹیں گنوا دیں۔

آخری سیشن میں کپتان الیسٹرکک کی ہمت بھی 72 رنز پر جواب دے گئی، پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کیلیے مزید 205 رنز درکار جبکہ 6 وکٹیں باقی ہیں، اس سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم 385 رنز پر آئوٹ ہوئی، اسٹیون اسمتھ نے 111 رنز بنائے۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے اس بار محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا مگر ٹاپ آرڈر اچھے آغاز کو بڑی اننگز میں ڈھالنے میں ناکام رہا،کپتان الیسٹر کک اور مائیکل کیربیری کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 85 رنز بنے، دونوں نے مچل جونسن کی تیز ترین ڈلیوریز کا بھی ڈٹ کا سامنا کیا، 12 ٹیسٹ میں جب پہلی بار انگلینڈ کی افتتاحی جوڑی کے 100 تک پہنچنے کے آثار پیدا ہوئے تو ریان ہیرس آڑے آگئے، کیربیری (43) نے آخری لمحات میں گیند کے راستے سے بیٹ ہٹانا چاہا مگر وہ نچلے حصے کو چھوتی ہوئی وکٹوں میں جالگی، جوئے روٹ صرف 4 رنز پر متنازع فیصلے کی بھینٹ چڑھ گئے۔

انھیں شین واٹسن کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ قرار دیا گیا، آخری سیشن میں آسٹریلیا کو 2 اہم وکٹیں ملیں، صرف 3 کے انفرادی اسکور پر الیسٹرکک نے ڈراپ کیچ سے موقع پانے کے بعد سنبھل کرکھیلتے ہوئے153 بالز پر 10 چوکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے، ناتھن لیون کی گیندکو کٹ کرنے کی کوشش میں وہ بیک ورڈ پوائنٹ پر ڈیوڈوارنر کا کیچ بنے۔ کیون پیٹرسن نے 59 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 19 رنز بنائے، پیٹر سڈل کی گیند پر پل شاٹ کھیلتے ہوئے وہ مڈآن پر مچل جونسن کو کیچ دے بیٹھے، جب دوسرے دن کھیل کا اختتام ہوا تو ای ین بیل 62 بالز پر 9 اور بین اسٹوکس 14 رنز پر کھیل رہے تھے۔ اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم 385 رنز پر آئوٹ ہوئی، اسٹیون اسمتھ گذشتہ اسکور 103 میں صرف 8ر نز جوڑ کر اینڈرسن کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، اسٹورٹ براڈ نے تین جبکہ جیمز اینڈرسن اور گریم سوان نے 2،2 وکٹیں لیں۔