ایشز سیریزمتنازع ڈی آرایس نے پھر آگ بھڑکا دی

روٹ کو آؤٹ قرار دینے پر انگلش کیمپ بپھر گیا، آئی سی سی کی جانب سے دفاع


AFP December 15, 2013
سنکو میٹر میں آواز کا مطلب ایج ہوگا چاہے گیند بیٹ سے لگے یا پاس سے گزرے۔آئی سی سی /گیٹی امیجز

ایشز سیریز میں متنازع ڈی آرایس نے پھر آگ بھڑکا دی، جوئے روٹ کو آئوٹ قرار دینے پر انگلش کیمپ بپھر گیا۔

آئی سی سی نے واضح کردیا کہ سنکو میٹر میں آواز کا مطلب ایج ہوگا چاہے گیند بیٹ سے لگے یا پاس سے گزرے۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے متنازع ڈسیشن ریویو سسٹم (ڈی آر ایس) نے ایشز سیریز میں نیا تنازع چھیڑ دیا، اس سے قبل انگلینڈ میں کھیلی گئی ایشز سیریز میں بھی ٹیکنالوجی کافی متنازع رہی تھی، کئی بار تو درست فیصلوں کو غلط اور غلط کو درست قرار دیا گیا،اب یہاں پر ابتدائی 2 میچز کے بعد ایک بار پھر ڈی آر ایس پر انگلیاں اٹھنا شروع ہوگئیں، پرتھ میں جاری تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز فیلڈ امپائر ماریس ایراسمس نے شین واٹسن کی گیند پر جوئے روٹ کو کاٹ بی ہائنڈ قرار دیا، اس وقت روٹ نے صرف 4 رنز بنائے تھے، انھیں پورایقین تھا کہ گیند بیٹ سے نہیں ٹکرائی اس لیے فوراً فیصلے کو چیلنج کرلیا، تھرڈ امپائر نیوزی لینڈ کے ٹونی ہل کئی بار ری پلیز کا جائزہ لینے اور سنکومیٹر پر آواز سننے کے بعد اس نتیجے پر پہنچے کہ فیلڈ امپائر کا فیصلہ تبدیل کرنے کیلیے کوئی شواہد نہیں ملے، اس لیے ابتدائی فیصلے کو برقرار رکھا۔

ٹونی ہل اس سے قبل سابقہ سیریز میں بھی ایک تنازع میں ملوث تھے جب انھوں نے گریم سوان کی گیند پر عثمان خواجہ کو آئوٹ قرار دیا جبکہ صاف ری پلیز میں دکھائی دے رہا تھا کہ عثمان کا بیٹ گیند سے نہیں بلکہ پیڈ سے ٹکرایا۔ اس بار جوئے روٹ غلط فیصلے کی بھینٹ چڑھے اور مایوسی سے سر جھٹکتے ہوئے پویلین واپس لوٹ گئے۔ انگلینڈ کی جانب سے اس آئوٹ پر شدید احتجاج کیا گیا، بیٹسمین مائیکل کیربیری کا کہنا ہے کہ روٹ ہمارے اہم کھلاڑی ہیں، انھیں اس طرح آئوٹ دینے پر ہمیں کافی مایوسی ہوئی چونکہ تھرڈ امپائر نے بھی توثیق کردی لہذا ہم اس بارے میں کچھ بھی نہیں کرسکتے۔آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ جیف ایلرڈائس کے مطابق سنکومیٹر آزمائشی بنیادوں پر استعمال کیا جارہا ہے، ہم یہ پہلے ہی طے کرچکے کہ جب سنکو میں ویڈیو فریم پر آواز کی نشاندہی ہوگی اسے ایج سمجھا جائے گا چاہے گیند بیٹ سے لگی یا پھر قریب سے گزری ہو۔