بیماری کے ساتھ بہادری سے لڑ رہا ہوں حنیف محمد

نیک خواہشات پر بہی خواہوں کا شکریہ، دعائے صحت کی اپیل ہے، سابق کپتان


Sports Reporter December 15, 2013
نیک خواہشات پر بہی خواہوں کا شکریہ، دعائے صحت کی اپیل ہے، سابق کپتان۔ فوٹو: فائل

دنیائے کرکٹ کے عظیم بیٹسمین اور سابق قومی کپتان حنیف محمد نے کہا کہ وہ اپنی بیماری سے بہادری سے لڑ رہے ہیں۔

وہ اپنے خیرخواہوں کا دلی طور پر مشکور ہونے کے ساتھ دعائوں کے طلب گار ہیں جو ہمیشہ کار گر ثابت ہوتی ہیں، 5 ماہ قبل لندن میں کینسر کی سرجری سے گزرنے والے حنیف محمد کو 24 دسمبر کو مقامی اسپتال میں چھٹی کیمو گرافی سے گزرنا ہے، قبل ازیں وہ21 دسمبر کواپنی79 ویں سالگرہ منائیں گے، کرکٹ میں لٹل ماسٹر کا لقب پانے والے حنیف محمد کو بیماری کی وجہ سے کمزوری اور نقاہت کا سامنا ہے، سر کے بال گرجانے اور پیٹ میں تکلیف کا شکار حنیف محمد ہنوز بہترین یادداشت کے مالک ہیں، البتہ وہ گذشتہ دنوں انتقال کر جانے والے اپنے جواں سال پوتے اور سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد کے صاحبزادے ایان کو یاد کرکے رنجیدہ ہوجاتے ہیں، حنیف پاک سری لنکا سیریز کے میچز میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ پاکستانی ٹیم خاص طور پر بیٹسمین اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں، لندن سے تیمار داری کے لیے آنے والے ان کے چھوٹے صاحبزادے شاہ زیب کے مطابق اگر ضرورت محسوس ہوئی تو اگلے ماہ کی7تاریخ کو حنیف محمد کو ساتویں کیمو گرافی سے گزرنا پڑے گا۔