پاک افغان چیمبر کا وفد کانفرنس کیلیے 23 دسمبر کو کابل جائیگا

زبیر موتی والا کی قیادت میں وفد افغان وزارت تجارت و خزانہ ودیگر حکام اور بزنس کمیونٹی سے ملے گا


Business Reporter December 16, 2013
مقصد بزنس ٹو بزنس رابطے بڑھانا، تجارت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا، نئے شعبے متعارف کرانا ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان افغانستان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا چوتھا تجارتی وفد کابل میں ہونیوالی سالانہ کانفرنس میں شرکت کیلیے 23 سے 26 دسمبر 2013 تک افغانستان کا دورہ کریگا۔

تجارتی وفد کی قیادت پی اے جے سی سی آئی پاکستان چیپٹر کے شریک صدر محمد زبیر موتی والا کریں گے۔ پی اے جے سی سی آئی کا تجارتی وفد افغانستان کی وزارت تجارت، انویسٹمنٹ سپورٹ ایجنسی، وزارت خزانہ اور کابل میں پاکستان کے سفیر سمیت افغانستان کی بزنس کمیونٹی سے ملاقات کریگا۔ پاک افغان جائنٹ چیمبر کے زیر اہتمام حال ہی میں کرائے جانیوالے دوسرے ٹریڈ سروے کی بنیاد پر باہمی تجارت کے مواقع کے حوالے سے افغانستان کے شہر کابل میںدوسری سالانہ کانفرنس منعقد کی جارہی ہے۔ پاکستان سے کابل جانیوالا تجارتی وفد افغانستان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ اور دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت کے فروغ کے حوالے سے افغانستان کے اسٹیک ہولڈرز سے اہم بات چیت کریگا۔

 photo 6_zpsd6358ef0.jpg

پی اے جے سی سی آئی کے شریک صدر محمد زبیر موتی والا نے 23سے 26 دسمبر 2013 کو کابل میں ہونیوالی دوسری سالانہ کانفرنس اور تجارتی وفد کو دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کیلیے انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ اس عمل سے بزنس ٹو بزنس روابط کو فروغ حاصل ہوگا اور بارڈر کے دونوں جانب سرمایہ کاری اور باہمی تجارت کے لیے راہ ہموار ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بزنس کمیونٹی اس دورے کو بڑی اہمیت دے رہی ہے اور ان کی توقعات اس حوالے سے بڑھ گئی ہیں کہ کابل کے دورے سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ میں درپیش مسائل کے حل کیلیے موثر اقدامات اٹھائے جاسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تجارتی وفدکے دورے کا بنیادی مقصد باہمی تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہے جبکہ افغانستان میں بینکنگ سسٹم کے قیام، تجارتی وفود کے تبادلے اور دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کو مزید سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی پاکستان اور افغانستان کے مابین بہت سے ایسے شعبے ہیں جنہیں ابھی تک متعارف نہیں کرایا جاسکا جن میں کنسٹرکشن اور اس سے متعلقہ مٹیریل، فوڈ آئٹم، فروٹ اینڈ ویجیٹیبل، ڈرائی فروٹ اور فارما سوٹیکل شامل ہیں۔ محمد زبیر موتی والا نے یقین ظاہر کیا کہ پی اے جے سی سی آئی کے زیر اہتمام اس دورے سے دونوں ممالک کی تاجر برادری کے درمیان قریبی روابط مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی مل کر مسائل کے حل کیلیے کوششیں کرسکے گی۔