ہاکی ٹیم کو کوچ سے زیادہ ماہر نفسیات کی ضرورت ہے منظور سینئر

جونیئر ورلڈ کپ میں نویں پوزیشن پانیو الے پاکستانی پلیئرز کی بھارت سے واپسی


Sports Reporter December 16, 2013
جونیئر ورلڈ کپ میں نویں پوزیشن پانیو الے پاکستانی پلیئرز کی بھارت سے واپسی۔ فوٹو: فائل

قومی جونیئر ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئی۔

کوچ منظور سینئر کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو کوچ سے زیادہ ماہر نفسیات کی ضرورت ہے، آئندہ ایونٹس سے قبل خامیاں دور کرنے کی کوشش کریں گے۔کپتان عمر بھٹہ نے کہا ہے کہ امپائر کے متنازع فیصلے اور بدقسمتی کی وجہ سے سر فہرست ٹیموں میں جگہ نہ بناسکے۔ تفصیلات کے مطابق جونیئر ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی کامظاہرہ کرنے والی قومی ٹیم اتوار کو براستہ واہگہ بارڈر لاہور پہنچ گئی، گرین شرٹس نویں پوزیشن کے میچ میں بھارت کو پنالٹی شوٹ پر 4-2سے شکست دے کر رہی سہی ساکھ بچانے میں کامیاب رہے تھے۔ وطن واپسی پر تمام کھلاڑی مایوس دکھائی دے رہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ اچھا کھیل پیش کرنے کے باوجود قسمت نے ساتھ نہیں دیا، آئندہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔کوچ منظور سینئر نے کہا کہ ٹیم کو کوچ سے زیادہ ماہر نفسیات کی ضرورت ہے، اپنی خامیاں دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

 photo 10_zps1b1e1f99.jpg

کپتان عمر بھٹہ نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں امپائر کے متنازعہ فیصلوں اور بدقسمتی کی وجہ سے ٹاپ پر جگہ نہ بناسکے تاہم مجموعی طور پر کارکردگی بہتر رہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پول مضبوط ٹیموں پر مشتمل تھا، مصر سے میچ جیتے لیکن دفاعی چیمپئن جرمنی کے خلاف ہمارے ایک کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دکھاکر باہر نکال دیا گیا، ٹیم 55منٹ تک 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلی اور دبائو کا شکار ہوگئی، حریف نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی۔

عمر بھٹہ نے کہا کہ فائول زیادہ سخت نہ تھا، امپائر چاہتا تو ریڈ کے بجائے یلو کارڈ دے سکتا تھا،جرمنی سے میچ میں زیادہ گول ہونے کی وجہ سے ہی ایونٹ میں سفر مشکل ہوگیا،گرین شرٹس نے بیلجیئم سے میچ برابر کھیلنے کے بعد جنوبی افریقہ اور بھارت کو شکست دی۔انھوں نے کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، خاص طور پر گول کیپر مظہر عباس نے بھارت کے خلاف بہت اچھی پرفارمنس دکھائی جس کی وجہ سے ہم پوزیشن میچ میں کامیاب رہے۔ انہوں نے بھی کوچ کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو ذہنی طور پر مضبوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دبائو میں بھی بہتر کھیل کا مظاہرہ کرسکیں، خامیوں پر پردہ نہیں ڈال رہا،انھیں دور کرنے کی پوری کوشش کریںگے، ٹیم کا کمبی نیشن بہتر ہورہا ہے، مستقبل میں مزید بہتر کارکردگی کامظاہرہ کریںگے۔

مقبول خبریں