منموہن کے کچھ تحفظات ہیں امید ہے جلد پاکستان آئیں گے شہباز شریف

بھارتی قیادت پر واضح کیاکہ امن کا راستہ اپنانے کے سوا چارہ نہیں، شہباز شریف


Numainda Express December 16, 2013
بھارت کنٹرول لائن کے واقعات کی تیسرے فریق سے تحقیقات کرالے دودھ کادودھ اور پانی کا پانی ہوجائیگا،وطن واپسی سے پہلے گفتگو۔ فوٹو: فائل

HARIPUR: وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ س میں کوئی شک نہیں کہ منموہن سنگھ کے کچھ تحفظات تھے لیکن میں نے انھیں یقین دلایا کہ پاکستان بھارت کے تمام شکوک دور کرنے کیلیے تیار ہے۔

میں نے بھارتی وزیراعظم کو وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے امن اور خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا اور مجھے یقین ہے منموہن سنگھ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ نواز شریف کنٹرول لائن کے واقعات کے بارے میں تیسرے فریق کے ذریعے آزادانہ تحقیقات کی پیشکش پہلے ہی کرچکے ہیں۔ بھارت کوچاہیے کہ وہ یہ پیشکش قبول کرلے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوسکے۔ پاکستان واپسی سے قبل بھارتی میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ میں نے بھارتی قیادت پر یہ بھی واضح کیاکہ پاکستان اور بھارت کے پاس امن کا راستہ اپنانے کے سوا اور کوئی چارہ نہیں لیکن اسکا مطلب یہ بھی نہیں کہ کشمیر، سیاچن اور سر کریک جیسے مسائل کو نظراندازکیا جائے۔

 photo 4_zps2f9b3829.jpg

اگر ان مسائل سے صرف نظر کیا گیا تو خطے میں پائیدار امن کی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔میں کافی توقعات لے کر بھارت سے واپس پاکستان جارہا ہوں۔ یقین ہے کہ میرے اس دورے کے نتیجے میں پنجاب اور بھارت کے درمیان توانائی، زراعت اور لائیوسٹاک سمیت کئی شعبوں میں تعاون کی راہیںہموار ہوں گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ میرے دورہ بھارت کا بنیادی مقصد بجلی کی پیداوار میں بھارت کے تجربات سے استفادہ اور تعاون حاصل کرنا تھا چنانچہ میں نے بھارت کے مختلف شہروں میں کوئلے اور شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے والے متعدد پاور پلانٹس کا دورہ کیا۔اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارت نے توانائی کے میدان میں غیرمعمولی ترقی کی ہے اور اب اس کے پاس وافر بجلی موجود ہے۔