حفیظ، ملک اور وہاب سمیت 6 کرکٹرز نے پی سی بی کا کنٹریکٹ ٹھکرادیا

محمد یوسف انجم  جمعرات 1 اکتوبر 2020
سینئر کرکٹرز بورڈ کے مجوزہ کنٹریکٹ پالیسی سے سخت ناخوش ہیں، ذرائع۔ فوٹو : فائل

سینئر کرکٹرز بورڈ کے مجوزہ کنٹریکٹ پالیسی سے سخت ناخوش ہیں، ذرائع۔ فوٹو : فائل

 لاہور: محمد حفیظ، کامران اکمل، شعیب ملک اور وہاب ریاض سمیت 6 کرکٹرز نے پی سی بی کے مجوزہ کنٹریکٹ کو ٹھکرادیا۔

محمد حفیظ، کامران اکمل، شعیب ملک اور وہاب ریاض سمیت 6 کرکٹرز نے پی سی بی کے مجوزہ کنٹریکٹ کو ٹھکراتے ہوئے  صرف ایک ماہ کے معاہدے پر دستخط کردیے جس کے تحت وہ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے اور صرف 20 اکتوبر تک پی سی  بی کی پالیسیوں کے پابند ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق سینئر کرکٹرز بورڈ کے مجوزہ کنٹریکٹ پالیسی سے سخت ناخوش ہیں، اس لیے انہوں نے بورڈ حکام  کے سامنے  کنٹریکٹ ڈرافٹ کو من وعن تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔

قومی کرکٹرز کا موقف تھا کہ انہیں بورڈ کا کنٹریکٹ منظور نہیں جب تک ہماری شرائط پر مبنی ڈرافٹ نہیں بنے گا، ہم اس پر دستخط نہیں کریں گے۔ اگر بورڈ کو یہ منظور نہیں تو پھر ہم گھر جانے کو تیار ہیں۔ کرکٹرز کے سخت رویے کو دیکھ کر ڈرافٹ میں فوری طور پر ترمیم کی گئی اور میچز شروع ہونے سے کچھ دیر پہلے کرکٹرز نے اس پر دستخط کرکے بورڈ حکام کے حوالے کیا۔

اس دستخط شدہ کنٹریکٹ کے تحت قومی کھلاڑی فی الحال صرف ملتان اور راولپنڈی میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی میچز میں شرکت کریں گے اور اس دوران پی سی بی کی میڈیا پالیسی، اینٹی ڈوپنگ اور اینٹی کرپشن قوانین کے پابند ہوں گے جب کہ میچ فیس کے ساتھ ڈیلی الاؤنس بھی لیں گے۔ بیس اکتوبر کے بعد انہیں اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی آزادی ہوگی اور ٹورنامنٹ ختم ہونے کے بعد وہ  پی سی بی کی میڈیا پالیسی سے آزاد ہوں گے۔

ان کرکٹرز میں واحد سینئر کرکٹر فاسٹ بولر محمد عامر ہیں جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی کے ساتھ ایک روزہ میچز کھیلنے کے لیے بھی اپنی دستیابی ظاہر کرتے ہوئے 2 ایونٹس کھیلنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ دوسرے سینئر کرکٹرز ون ڈے اور فور ڈے میچز کے کنٹریکٹ پر دستخط کا فیصلہ بورڈ کے رویے کو دیکھ کر کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔