قوم کو ٹائیگرزفورس نہیں سستی اشیا کی ضرورت ہے ،سراج الحق

نمائندہ ایکسپریس  پير 12 اکتوبر 2020
 یہ حکومت مزید کچھ عرصہ رہی تو عوام بھوکے مرنے لگیں گے ، فیملی گالا سے خطاب
 (فوٹو، فائل)

 یہ حکومت مزید کچھ عرصہ رہی تو عوام بھوکے مرنے لگیں گے ، فیملی گالا سے خطاب (فوٹو، فائل)

 لاہور:  امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ قوم کو ٹائیگرز فورس کی نہیں ، سستی اشیا کی ضرورت ہے ۔

ہر حکومت نے اپنی فورس بنائی جس نے سب کچھ ہڑپ کر کے عوام کی زندگی اجیرن کردی ۔ حکومت کے ٹائیگرز نے تو باہر سے ملنے والی امداد کو بھی نہیں چھوڑا ۔ حکمران باہر سے میٹھے اور اندر سے کڑوے ہیں ۔ عوام بھی اپنے قول و فعل سے باہر نکلیں ، سانپوں کے منہ میں دودھ ڈالنے کے بجائے اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کی فکر کریں ۔ حکومت عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہے ۔

جماعت اسلامی بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف سخت احتجاج کرے گی اور ملک بھر میں عوام کو منظم کیا جائے گا ۔ علمائے کرام قومی یکجہتی اور اتحاد کو قائم رکھنے اور فرقہ واریت کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

ان خیالات کااظہار انھوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام فیملی گالا پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ فیملی گالا میں خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ فیملی گالا سے لیاقت بلوچ ، چوہدری منظور گجر اور ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔