کراچی میں ماسک نہ پہننے والوں پر ایک ہزار روپے جرمانے کی تجویز

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 16 اکتوبر 2020
شہریوں کی بڑی تعداد ایس اوپیز پر عمل نہیں کرتی،کراچی کا المیہ یہ ہے کہ یہ شہر ابھی تک بنیادی مسائل سے دوچار ہے، خطاب

شہریوں کی بڑی تعداد ایس اوپیز پر عمل نہیں کرتی،کراچی کا المیہ یہ ہے کہ یہ شہر ابھی تک بنیادی مسائل سے دوچار ہے، خطاب

 کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے کہاہے کہ ماسک نہ پہننے والوں پر ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے ڈاکٹر عیسیٰ فزیواینڈ ری ہیبی ٹیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ کورونا وائرس سے ابھی ہم جیتے نہیں ہیں اس کے خلاف جنگ جاری ہے اور جیت کے قریب ہیں لیکن اگر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو نتائج یکسر تبدیل ہوسکتے ہیں، میری تجویز ہے کہ ماسک نہ پہننے والوں پر ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ کچھ شہری ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے نظر آتے ہیں لیکن شہریوں کی ایک بڑی تعداد ایس اوپیز پر عمل نہیں کرتی، احتیاطی تدابیر اپنا کر ہم کسی بھی بیماری یا وبا کو شکست دے سکتے ہیں۔

اس موقع پر مختلف ملکوں کے قونصل جنرل، ڈاکٹر فرحان عیسیٰ سمیت معززین شہر کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، انھوں نے کہا کہ فزیو تھراپی عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے اور یہ بیماریوں کا موثر ترین علاج ہے، ہمیں ماضی میں رہنے کے بجائے ماضی سے سیکھنا چاہیے، شہر کو آگے کی طرف لے جانا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔