نواز شریف باہربیٹھے بھارت کی زبان بول رہے ہیں،اسد عمر

اے پی پی  اتوار 18 اکتوبر 2020
حکومت چینی مافیا کے خلاف کارروائی کر رہی ہے، وفاقی وزیر کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

حکومت چینی مافیا کے خلاف کارروائی کر رہی ہے، وفاقی وزیر کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ نواز شریف بیرون ملک بیٹھ کر بھارت کی زبان بول رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ نواز شریف بیرون ملک بیٹھ کر بھارت کی زبان بول رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے صرف ن لیگی قائد کے بیانیے کا جواب دیا ہے، یہ کسی ایک شخص کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی بات ہے اس لیے جواب دینا لازمی تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سب سے زیادہ مہنگائی، بجلی اور گیس سمیت دیگر عوامی مسائل پر بات کرتے ہیں اور وہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے پورا ہفتہ دن رات کوشش کر رہے ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کوروناکی وجہ سے دنیا کی معیشتیں بیٹھ گئیں، امریکا جیسے ملک کو تین ٹریلین ڈالر خسارہ ہوا جبکہ بھارت کو گزشتہ 50 سال میں سب سے زیادہ معاشی نقصان اٹھانا پڑا، پاکستان کی معیشت بہتر رہی اور عالمی ادارے بھی اس کی تعریف کر رہے ہیں۔

اسد عمر نے کہا حکومت چینی مافیا کے خلاف کارروائی کر رہی ہے، یہ پہلی حکومت ہے کہ اس کے دور میں قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں سیاسی رہنماؤں کو پروڈکشن آرڈر ملے۔

انھوں نے کہا حفاظتی تدابیر پر عمل نہ کیا گیا تو وبا پھیلنے کا خدشہ ہو گا، میری تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ وہ بڑے اجتماع سے گریز کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔