جوہانسبرگ ٹیسٹ بھارت نے جنوبی افریقہ کے گرد شکنجہ کس دیا

458 کا ہدف پانے والی میزبان ٹیم نے 138 پر 2وکٹیں گنوادیں،مزید 320 رنز درکار


AFP/Sports Desk December 22, 2013
جوہانسبرگ ٹیسٹ: دوسری اننگز میں جنوبی افریقی اوپنر گریم اسمتھ کے رن آئوٹ ہونے کا منظر۔ فوٹو: اے ایف پی

جوہانسبرگ ٹیسٹ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کے گردشکنجہ کس دیا، 458 رنز کا ہدف پانے والی میزبان سائیڈ نے 138 رنز پر 2 اہم وکٹیں گنوادیں۔

320 مزید رنز درکار جبکہ 8 وکٹیں اور پورا دن باقی ہے، منجھے ہوئے اوپنر گریم اسمتھ نے اناڑیوں کے انداز میں خود کو رن آئوٹ کرایا، الویرو پیٹرسن 76 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں، اس سے قبل بھارت نے دوسری اننگز میں 421 رنز بنائے، چتیشور پجارا کی اننگز 153 پر تمام ہوئی، ویرت کوہلی نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے 458 رنز کے ہدف کا تعاقب پُراعتماد انداز میں شروع کیا، الویرو پیٹرسن اور گریم اسمتھ نے بھارتی بولرزکی خوب خبر لیتے ہوئے اسکور کو 108 تک پہنچایا،اس موقع پر گریم اسمتھ نے خود اپنے پائوں پر کلہاڑی ماردی، ایشون کی گیند کو کھیلنے کیلیے وہ کافی آگے نکل آئے اور پھر مڈ آن کی جانب شاٹ کھیل کر سنگل لینا چاہا، ایسے میں راہنے کے ڈائریکٹ تھرو نے جب وکٹیں اڑائیں تو انھیں مایوسی سے سر جھٹکتے ہوئے پویلین لوٹنا پڑا، ہاشم آملا ابھی سیٹ بھی نہیں ہوئے تھے کہ محمد شامی نے انھیں 4 رنز پر بولڈ کرکے پویلین واپس بھیج دیا، جب چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو جنوبی افریقہ نے 2 وکٹ پر 138 رنز بنالیے تھے، الویرو پیٹرسن 76 اور فاف ڈوپلیسی 10 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔

 photo 3_zps25e53ad2.jpg

اس سے قبل بھارت نے 284 رنز 2 وکٹ سے دن کا آغاز کیا، چتیشور پجارا اور ویرت کوہلی کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے شراکت 222 رنز پر ٹوٹ گئی،پجارا 153 رنز پر کیلس کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، کوہلی بھی 96 رنز پر اسی انداز میں پال ڈومنی کا شکار بن گئے، ان دونوں کی رخصتی کی دیر تھی باقی کھلاڑیوں پر جنوبی افریقی بولرز ٹوٹ پڑے، لنچ سے قبل 28.2 اوورز میں 74 رنز کے دوران بھارت نے چار وکٹیں گنوائیں، اس موقع پر وہ 394 رنز آگے تھا مگر دھونی نے اننگز ڈیکلیئرڈ کرنے کے بجائے جاری رکھنے کا فیصلہ کیا، اس کا فائدہ خاص طور پر ظہیر خان کو ہوا جنھوں نے ناٹ آئوٹ 29 رنز بنائے، اس دوران انھوں نے عمران طاہر اور ڈیل اسٹین کو چھکے بھی جڑے۔ دنیا کے نمبر ون ریکنڈ بولر اسٹین کیلیے یہ مایوس کن میچ ثابت ہوا جس میں دوسری اننگز میں وہ 30 اوورزکے دوران 104 رنز کی پٹائی برداشت کرنے کے باوجود ایک بھی وکٹ نہیں لے پائے۔