کیویز نے ویسٹ انڈیز کو شکست کے دہانے پر پہنچا دیا

ہیملٹن ٹیسٹ کی دوسری اننگزمیں مہمان سائیڈ103رنزپرڈھیر، بولٹ کی4وکٹیں


AFP/Sports Desk December 22, 2013
بولٹ نے 13 بالز میں ایک رن کے عوض تین ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کو پویلین بھیجا، 6 کھلاڑی 8 رنز سے بھی آگے نہیں بڑھ پائے۔فوٹو:اے پی/کرک انفو

کیویز نے ویسٹ انڈیز کو شکست کے دہانے پر پہنچا دیا،ہیملٹن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں مہمان سائیڈ103 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

بولٹ نے 13 بالز میں ایک رن کے عوض تین ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کو پویلین بھیجا، 6 کھلاڑی 8 رنز سے بھی آگے نہیں بڑھ پائے، بولٹ نے 4 اور سائوتھی نے 3 وکٹیں لیں، فتح کیلیے 122 رنز کا معمولی ہدف پانے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 349 رنز اسکور کیے، روس ٹیلر نے پھر سنچری جڑی، ڈیرن سیمی نے 2 وکٹیں لیں، ایک دن میں مجموعی طور پر 17 وکٹیں گریں۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کے خسارے کا سامنا اور اب ٹیم آخری ٹیسٹ میں بھی شکست کے قریب پہنچ چکی ہے ، پہلی اننگز میں 18 رنز کی برتری پانے کے باوجود میزبان بیٹنگ لائن جدوجہد کرتی نظر آئی، دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم کو فتح دلانے والے ٹرینٹ بولٹ اس بار بھی ویسٹ انڈیز کے لیے ڈرائونا خواب بن گئے، انھوں نے 13 بالز کے دوران صرف ایک رن دے کر 3 ٹاپ کھلاڑیوں کو واپسی کا پروانہ تھمایا، کریگ بریتھ وائٹ (7)کے بیٹ اور پیڈ کے درمیان سے نکلتی ہوئی گیند نے اسٹمپس اڑائیں، کیرن پاول کے بیٹ کا بیرونی کنارہ چھو کر تھرڈ سلپ میں جانے والی گیند کو سائوتھی نے اپنے ہاتھوں میں محفوظ کیا۔

 photo 5_zpsc38e66d4.jpg

وہ کھاتہ بھی نہیں کھول پائے، کرکٹ ایڈورڈز (1)لیگ سائیڈ کی جانب وکٹ کیپر بریڈلی جان واٹلنگ کا کیچ بنے، صرف 13 رنز پر تین کھلاڑیوں کی رخصتی سے مہمان سائیڈ کے حوصلے پست ہوگئے، مارلون سموئلز (8) کورے اینڈرسن کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، گذشتہ اننگز میں ناقابل سنچری جڑنے والے شیونرائن چندرپال کا 20 رنز پر ویگنر کی گیند پر ولیمسن نے کیچ لیا، دیونرائن (13) بھی ویگنر کا شکار ثابت ہوئے کیچ ٹیلر نے تھاما، دنیش رامدین (18) رامدین کی گیند پرایل بی ڈبلیو ہوئے، ٹم سائوتھی نے ایک ہی اوور میں سیمی کو 24 جبکہ پریمل اور ٹینو بیسٹ کو صفر پر آئوٹ کیا۔ جواب میں 122 رنز کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے دن کے آخری 2 اوورز میں بغیر نقصان کے 6 رنز بنائے۔ اس سے قبل کیویزنے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز پہلی اننگز کے 156 رنز 3 وکٹ سے کیا، پوری ٹیم 349 رنز پر آئوٹ ہوئی، روس ٹیلر نے 131 رنز بنائے، سنیل نارائن نے 6 وکٹیں لیں۔