پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014ء کے ’’لوگو‘‘ کی رونمائی

50لاکھ نوجوان حصہ لیں گے،40غیرملکی ٹیموں کی شرکت متوقع ہے،حمزہ شہباز


Sports Reporter December 22, 2013
وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے 2ارب روپے کا اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ مختص کیا ہے۔حمزہ شہباز۔ فوٹو: وسیم نیاز/ایکسپریس

رکن اسمبلی حمزہ شہباز شریف اور صوبائی وزیر کھیل و امور نوجواناں پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے پنجاب اسپورٹس بورڈ لاہور کے جمنازیم میں یوتھ فیسٹیول 2014ء کے ''لوگو'' کی رونمائی کردی۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اورکھیلوں کے ماہرین کے ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کی بہت بڑی تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پرحمزہ شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014ء میں 50لاکھ نوجوان حصہ لیں گے جبکہ اس سال 40غیرملکی ٹیموں کی شرکت متوقع ہے۔ انھوں نے کہا کہ کمزور حیثیت کے مالک بزرگ سابق کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے 2ارب روپے کا اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ مختص کیا ہے۔

 photo 10_zpsfc56eec2.jpg

انھوں نے اعلان کیا کہ پنجاب میں کھیلوں کے 4500سے زائد میدانوں کی بحالی کیلیے صوبائی اسمبلی میں قانون سازی کی جائے گی تاکہ مستقبل میں ان کی حیثیت کبھی تبدیل نہ ہوسکے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خاں نے کہاکہ نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کی صحیح معنوں میں نشوونما کے لیے صوبے میں اسپورٹس انڈومنٹ فنڈ سے ایشیا کی پہلی اسپورٹس یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے،پنجاب کے ہر ضلع میںا سپورٹس اکیڈمیزبھی قائم کی جائیں گی۔ انھوں نے بتایا کہ 23 دسمبر سے محلے اور گاؤں کی سطح پر شروع ہونے والے پنجاب یوتھ فیسٹیول کے پہلے مرحلے میں 55200اسپورٹس اینڈ یوتھ ڈیولپمنٹ کونسلز قائم کر دی گئیں، یہ فیسٹیول کے 256 مختلف ایونٹس کی نگرانی کریں گی۔