گستاخانہ خاکے سازش فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے، ایکسپریس فورم

اجمل ستار ملک / احسن کامرے  جمعرات 29 اکتوبر 2020
مسیحی برادری کی بھی دل آزاری ہوئی، آرچ بشپ سباسٹین شا، فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا جائے، سردار بشن سنگھ

مسیحی برادری کی بھی دل آزاری ہوئی، آرچ بشپ سباسٹین شا، فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کیا جائے، سردار بشن سنگھ

 لاہور:  فرانسیسی صدر نے گھٹیا اور شیطانی حرکت کی ہے جس سے عالمی امن کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے، اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس بلاکر گستاخانہ خاکوں کیخلاف قرارداد لائی جائے اور اقوام متحدہ اس حوالے سے قانون سازی کرے۔

گستاخانہ خاکے بین المذاہب ہم آہنگی کیخلاف لادین لوگوں کی سازش ہے، وزیراعظم عمران خان نے فرانسیسی صدر کے بیان کی بروقت مذمت کرکے پوری قوم اور امت مسلمہ کی ترجمانی کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار حکومت اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے فرانس میں شائع ہونے والے گستاخانہ خاکوں کے حوالے سے منعقدہ ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں کیا۔

صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ گستاخانہ خاکے عالمی امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کیخلاف بڑی سازش ہیں، فرانسیسی صدر کا بیان اور رویہ توہین آمیز ہے، امن پسند طاقتیں اس کے خلاف سخت ایکشن لیں۔ ’’او آئی سی‘‘ کو اس مسئلے پر بھرپور طریقے سے آواز اٹھانی چاہیے۔

خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور و چیئرمین مجلس علماء پاکستان مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ فرانسیسی صدر کا توہین آمیز بیان عالمی امن کیلیے سنگین خطرہ ہے، اقوام متحدہ فرانسیسی صدر کے بیان کا نوٹس لے، سلامتی کونسل کو چاہیے کہ فرانسیسی صدر کے معافی مانگنے اور بیان واپس لینے تک فرانس کی رکنیت معطل کرے۔ فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔

آرچ بشپ سباسٹین شا نے کہا کہ فرانسیسی صدر نے گھٹیا اور شیطانی حرکت کی ہے اور دنیا کے امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے رکن سردار بشن سنگھ نے کہا کہ دنیا بھر کے سکھ فرانس میں شائع ہونے والے خاکوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، پیر، پیغمبر، اولیاء کی شان میں گستاخی کا حق کسی کو نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔