سرکاری تمسکات کی خرید و فروخت کے اقدامات آئندہ ماہ مکمل کرنیکی ہدایت

چھوٹے وبیرونی انویسٹرزبھی فائدہ اٹھا سکیں گے،معیشت پر مثبت اثرات ہونگے، وفاقی وزیر خزانہ


Business Reporter December 23, 2013
چھوٹے وبیرونی انویسٹرز بھی فائدہ اٹھا سکیں گے،معیشت پر مثبت اثرات ہونگے، وفاقی وزیر خزانہ، ایس ای سی پی کے اجلاس سے خطاب. فوٹو: فائل

ISLAMABAD: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ہدایت کی ہے اسٹاک مارکیٹ میں گورنمنٹ سیکیورٹیز کی خرید و فروخت کے تمام ضروری اقدامات جنوری 2014 کے آخر تک مکمل کر لیے جائیں۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو اسٹیٹ بینک میں اسٹاک مارکیٹ کے عہدیداروں اور سیکیورٹیز ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر خزانہ کو اس سلسلے میں کیے گئے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ سرکاری تمسکات (گورنمنٹ سیکیورٹیز) کے کراچی اسٹاک ایکسچینج کے اجرا کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں جو کہ جنوری 2014 کے آخر تک ہر صورت میں مکمل کیے جائیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ سرکاری تمسکات (گورنمنٹ سیکیورٹیز) کے اجرا سے چھوٹے سرمایہ کار اور بیرونی سرمایہ کار بھی فائدہ اٹھا سکیں گے جس سے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

 photo 2_zps2ef35bdc.jpg

انہوں نے اس سلسلے میں اجلاس میں پیش کی جانے والی بھرپور پبلیسٹی مہم چلانے کے حوالے سے بھی اتفاق کیا۔ گورنر اسٹیٹ بینک یاسین انور نے سرکاری تمسکات (گورنمنٹ سیکورٹیز) کے اجرا کے سلسلے میں کیے گئے اقدامات سے اجلاس کے شرکا کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک صرف بینک ہی سرکاری تمسکات (گورنمنٹ سیکورٹیز) میں سرمایہ کاری کر رہے تھے جبکہ اسٹاک مارکیٹ میں اس کے اجرا سے چھوٹے سرمایہ کار بھی فائدہ اٹھا سکیں گے اور یہ اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے ایک اچھا پلیٹ فارم ثابت ہو گا۔ کراچی اسٹاک ایکسچینج اور ایس ای سی پی کے نمائندوں نے اجلاس میں یقین دہانی کرائی کہ اس سلسلے میں تمام انتظامات جنوری 2014 کے آخر تک مکمل کر لیے جائیں گے۔ اجلاس میں سرکاری تمسکات (گورنمنٹ سیکورٹیز) کے اجرا کی آگہی مہم شروع کرنے کی تجویز کو بھی منظور کیا گیا۔