پاک بھارت ڈی جی ملٹری آپریشنز کی ملاقات کے انتظامات مکمل

کنٹرول لائن پر سیز فائر پر بات ہو گی،کل سرحدی فورسز کے سربراہان کا اجلاس بھی ہوگا


INP December 23, 2013
کنٹرول لائن پر سیز فائر پر بات ہو گی،کل سرحدی فورسز کے سربراہان کا اجلاس بھی ہوگا۔ فوٹو: فائل

پاکستان اور بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر فائر بندی یقینی بنانے کے لائحہ عمل کی تیاری کیلیے دونوں ممالک کے ڈی جی ملٹری آپریشنز کی کل (منگل کو) ملاقات ہوگی۔

پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کی واہگہ میں ہونے والی ملاقات کیلیے تمام انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں، پاکستانی ڈی جی ایم او میجر جنرل عامر ریاض واہگہ بارڈر پراپنے بھارتی ہم منصب کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کریں گے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں لائن آف کنٹرول پر سیز فائر پر بات چیت ہو گی، دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز ملاقات کے بعد واہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے اسی روز سرحدی فورسز کے سربراہان کا بھی اجلاس ہو گا جس میں بارڈر کی خلاف ورزی، بنکرز کی غیر قانونی تعمیر سمیت دیگر امور زیر بحث آئیں گے۔

 photo 9_zpsbfae0831.jpg

واضح رہے کہ رواں سال لائن آف کنٹرول سمیت دیگر علاقوں میں سرحدی کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تعلقات تناؤ کا شکار رہے، جس کے بعد پاک بھارت سیکریٹری خارجہ سمیت نیویارک میں دونوں ممالک کے وزرا ئے اعظم کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس میں کشیدگی کم کرنے کے اقدامات پرزوردیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کے ڈی جی ایم او نے بھارت کے ڈی جی ایم او کو ملاقات کی دعوت دی ہے تاکہ لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کے میکانزم کو مضبوط بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے 29ستمبر کو نیویارک میں ہونے والی ملاقات میں ڈی جی ایم اوز کو ملاقات کرنے کی ہدایت کی تھی۔ دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان 26اور 29اکتوبر کو ٹیلیفون پر رابطہ بھی ہوا تھا۔