پی ایس ایل 6؛ بورڈ شائقین کی آمد ممکن بنانے کا خواہاں

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 19 نومبر 2020
لاہور اور کراچی کے فائنل میں تماشائیوں کی کمی شدت سے محسوس ہوئی،مانی
 (فوٹو : فائل)

لاہور اور کراچی کے فائنل میں تماشائیوں کی کمی شدت سے محسوس ہوئی،مانی (فوٹو : فائل)

 لاہور:  پی سی بی آئندہ پی ایس ایل میں اسٹیڈیمز کی رونقیں بحال ہونے کیلیے پْر امید ہے۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے پی ایس ایل 5کے کامیاب انعقاد پر تمام شرکا، آفیشلز، مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے گذشتہ سال وعدہ کیا تھا کہ پوری لیگ آغاز سے اختتام تک پاکستان میں ہی ہوگی، خوشی ہے کہ ہر طرح کے چیلنجز اور مسائل سے نمٹنے کے بعد مکمل اور کامیاب ایونٹ یقینی بنا سکے، میں اس میں معاونت کرنے والے عملے کا بھی شکرگزار ہوں۔

انھوں نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں لاہور اور کراچی کے مابین فائنل ایونٹ کا سب سے بڑا ٹاکرا تھا مگرکورونا وائرس کی وجہ سے تماشائیوں کے بغیر کھیلا گیا۔ ہمیں ان کی کمی شدت سے محسوس ہوئی، اگر حالات معمول پر ہوتے تو ایونٹ کی فاتح ٹیم اپنی جیت کا جشن تماشائیوں کے سامنے شاندار انداز سے مناتی۔

احسان مانی نے کہا کہ ہم ان تمام مداحوں کے مشکور ہیں جو بھرپور انداز سے ٹی وی اسکرین، لائیو اسٹریمنگ اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر متحرک رہے۔ پی سی بی ملک میں ہر لمحہ بدلتی کورونا وائرس کی صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے، اسے پیش نظر رکھتے ہوئے ہم متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے کوئی ایسا حل تلاش کرنے کی کوشش کرینگے کہ پی ایس ایل 6 میں پرستاروں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت مل سکے۔

انھوں نے کہا کہ ہم پلے آف میچز میں شرکت کیلیے کراچی آنے والے غیرملکی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں، جنوری فروری میں شیڈول اپنے فیوچر ٹور پروگرام میں شامل جنوبی افریقی ٹیم کی میزبانی کے منتظر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔