افتخارچوہدری نے ن لیگ کو میری نااہلی کا پہلے ہی بتادیا گیلانی

موجودہ حکمرانوں نے افتخار چوہدری سے ملکرمنتخب وزیراعظم کے خلاف سازشیں کیں،سابق وزیراعظم


Numainda Express December 25, 2013
پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی قیادت میں ملک میں دوبارہ حکمرانی کریگی،گیلانی۔ فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے موجودہ حکمرانوں کو کہا تھا کہ میں یوسف رضا گیلانی کو نااہل کرنیوالا ہوں آپ تیاری کرلیں۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی قیادت میں ملک میں دوبارہ حکمرانی کریگی۔ انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اقتدار میں آنے سے پہلے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان میں کوئی وعدہ بھی پورا نہیں کیا اور یہ وعدے' وعدے ہی رہ گئے، وہ پیپلز پارٹی کے رہنما نواب حیات اللہ ترین کے فارم ہائوس پر اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا موجودہ حکمرانوں نے تبدیلی کا نعرہ لگایا' کیا ملک میں کوئی تبدیلی لیکر آئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سمیت تمام جماعتیں پٹرول سے چل رہی ہیں۔ میرے دور اقتدار میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا لیکن میرے ایک بیٹے کو ہتھکڑیاں پہنا دی گئیں اور دوسرے بیٹے کو اغوا کرا دیا گیا اور جب اس کو اغوا کیا گیا تو اس وقت ملک میں سیاسی سرگرمیاں پورے عروج پر تھیں اس کا مقصد ہمیں سیاست سے باہر کرنا تھا۔

 photo 2_zpsa1b4fbd7.jpg

وہاڑی سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ان کے خلاف سب کیس جھوٹے ہیں۔ حکومت پیپلز پارٹی کو عوام سے دور رکھنے کیلئے سیاسی مورچے بنا دیتی ہے۔ وہ میڈ ان پاکستان ہیں، مقدمات سے ڈر کر بھاگنے والے نہیں۔ حکومت جب چاہے جہاں چاہے گرفتاری خود آ کر دوں گا۔ بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گیلانی نے کہا بنگلہ دیش میں ملا عبدالقادرکی پھانسی کیخلاف سب سے پہلے سینٹ میں پیپلز پارٹی نے آواز اٹھائی۔ ایک اور سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے سابق چیف جسٹس کے ساتھ مل کر منتخب وزیراعظم کے خلاف سازشیں کیں مگر انہوں نے بطور وزیراعظم عدلیہ کے احترام میں سپریم کورٹ میں پیش ہونے کو فخر سمجھا۔