افغانستان 2 اتحادی فوجی ہلاک 20 طالبان کی ہلاکت کا دعویٰ

امریکا کا افغانستان میں گرین بیریٹس اسپیشل فورس بھیجنے کا عندیہ،برطانیہ کے افغانستان میں447 فوجی ہلاک ہونے کی تصدیق


News Agencies December 25, 2013
برطانیہ نے افغانستان میں مجموعی طور پر اپنے447 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے.فوٹو: رائٹرز/فائل

KARACHI: افغانستان میں طالبان کے دو مختلف حملوں میں نیٹو کے2 فوجی ہلاک ہوگئے۔ ایک فوجی جنوبی افغانستان میں طالبان کے حملے میں مارا گیا جبکہ دوسرا اتحادی فوجی مشرقی افغانستان میں اس طرح کے ایک اور حملے میں مارا گیا تھا۔

برطانیہ نے افغانستان میں مجموعی طور پر اپنے447 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ دریں اثنا افغانستان کے مختلف صوبوں میں اتحادی فوج نے مختلف آپریشنز کے دوران اہم کمانڈر سمیت20 طالبان کو ہلاک، 10 زخمی جبکہ 8 کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔افغان وزارت داخلہ کے مطابق صوبے لغمان، قندھار اور فرح میں شدت پسندوں کیخلاف آپریشن کیا گیا۔ ادھر امریکا نے صدر کرزئی کی جانب سے امریکا کے ساتھ سیکیورٹی معاہدے پر دستخط نہ کر نے کی صو رت میں افغا نستا ن میں گرین بیریٹس جیسی محدود اسپیشل فورس بھیجنے کا عندیہ دیا ہے جبکہ امریکی حکام نے خبر دار کیا ہے کہ افغا نستان کا امریکا کے ساتھ سکیورٹی معاہدے پر دستخط نہ کرنا کسی بڑی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔

 photo 2_zps3d62c12d.jpg

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ معاہدہ نہ ہوا تو طالبان پھر سے زور پکڑ سکتے ہیں دہشت گرد گروہ القاعدہ دوبارہ ٹھکانے حاصل کر سکتا ہے اور افغان فورسزکو مالیاتی مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت سی صلاحیتیں رکھتے ہیں لیکن باہمی سیکیورٹی معاہدے کے بغیر ہمارا دائرہ کار بہت محدود ہے۔ انھوں نے کہا کہ تمام بین الاقوامی فورسز کے انخلا کی صورت میں امریکا گرین بیریٹس جیسی محدود اسپیشل فورس بھیج سکتا ہے جو افغان حکام کی درخواست پر محدود دورانیے کے تربیتی مشنز انجام دے گی۔ علاوہ ازیں گزشتہ6 ماہ کے دوران افغانستان کی مختلف جیلوں میں قید500 سے زائد طالبان کو رہا کردیا گیا ہے جن میں افغان اور پاکستان طالبان قیدی شامل ہیں۔

مقبول خبریں