میرا ریشم اور لیلیٰ کو تاحال خوابوں کا شہزادہ نہ مل سکا

شیخ رشید کی لال حویلی چوڑیوں کی کھنک کو ترس گئی، شعیب اختر بھی شادی کے بندھن سے محروم


Monitoring Desk December 26, 2013
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ٹینس سٹار اعصام الحق کو شادی کا لڈو راس ہی نہیں آیا۔ فوٹو: فائل

وینا ملک کی شادی کے بعد ایکسپریس نیوز نے پاکستان کی ان مشہور شخصیات کی تفصیل بتائی ہے جنہوں نے ابھی شادی کا لڈو نہیں چکھا۔

ان کنواروں میں سرفہرست راولپنڈی کے سیاستدان شیخ رشید ہیں جن کی لال حویلی آج بھی چوڑیوں کی کھنک کو ترس رہی ہے۔ شیخ رشید سے جب بھی یہ سوال کیا گیا کہ وہ شادی کب کر رہے ہیں تو وہ ہمیشہ اس سوال کو سگار کے دھوئیں اور گول مول جواب میں گم کر کے جان چھڑا لیتے ہیں۔ شیخ رشید کے بعد اداکارہ میرا کا نمبر آتا ہے جو کبھی تاجر عتیق الرحمٰن اور کبھی کیپٹن نوید کے نام کیساتھ شادی کیلیے خبروں میں آئیں لیکن تاحال ان کے ہاتھ پیلے نہ ہو سکے۔ اس کے بعداداکارہ ریشم کا نام آتا ہے جنھوں نے ابھی تک شادی کا لڈو نہیں کھایا۔

 photo 6_zps3d071d96.jpg

اس کے علاوہ اداکارہ لیلیٰ کو بھی ابھی تک خوابوں کا شہزادہ نہیں مل سکا۔ کھیل کے میدان میں کرکٹر شعیب اختر کرکٹ سے تو ریٹائر ہو گئے لیکن تاحال شادی کے بندھن سے محروم ہیں۔ اس میدان میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جنہیں شادی کا لڈو راس نہیں آیا۔ ان میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور ٹینس سٹار اعصام الحق شامل ہیں۔ عمران خان تو شاید اب شادی کا لڈو دوبارہ کھانے کی کوشش نہ کریں لیکن اعصام الحق کی ابھی عمر ہی کیا ہے، ان کے سامنے لمبی عمر پڑی ہے جسے کسی جیون ساتھی کے بغیر گزارنا مشکل نظر آتا ہے۔