حصص مارکیٹ مندی سے نکل آئی 65 پوائنٹس اضافہ

کاروباری حجم21.7 فیصد زائد، 318 کمپنیوں کے23 کروڑ حصص کے سودے


Business Reporter September 08, 2012
کاروباری حجم21.7 فیصد زائد، 318 کمپنیوں کے23 کروڑ حصص کے سودے. فوٹو اے ایف پی

بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سرفہرست سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے،گلوبل اور ریجنل اسٹاک مارکیٹس میں ریکوری اور ٹیلی کام اسٹاکس میں وسیع پیمانے پر خریداری رحجان کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو ایک بار پھر تیزی کا رحجان غالب رہا جس سے انڈیکس کی15200 کی حد ایک بار پھر بحال ہوگئی، 57.54 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں12 ارب59 کروڑ54 لاکھ 32 ہزار100 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کلیئرنگ ہائوس کے حوالے سے ایس ای سی پی کے تحفظات کے باوجود انٹرنیشل کالنگ سینٹرلائزڈ ہونے کی امید کی وجہ سے ٹیلی کام سیکٹر کی مخصوص کمپنیوں میں خریداری تسلسل قائم رہا جس سے مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن ہوا۔

ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، میوچل فنڈز اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر51 لاکھ90 ہزار892 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے31 لاکھ2 ہزار330 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے8 لاکھ64 ہزار673 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے96 ہزار 735 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے11 لاکھ27 ہزار154 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی، ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی کاروباری سیشنز کے دوران بیشتر مستحکم کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں نچلی سطح پر آگئی تھیں جسکی وجہ سے جمعہ کو دونوں کاروباری سیشنز کے دوران انڈیکس کے ہرآئٹم میں خریداری دلچسپی میں اضافہ دیکھا گیا۔

تیزی کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس65.43 پوائنٹس کے اضافے سے15253.96 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس40.55 پوائنٹس کے اضافے سے13034.11 اور کے ایم آئی30 انڈیکس181.60 پوائنٹس کے اضافے سے27030.60 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت21.69 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر23 کروڑایک لاکھ2 ہزار940 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار318 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں183 کے بھائو میں اضافہ، 120 کے داموں میں کمی اور 15 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں یونی لیور پاکستان کے بھائو440 روپے بڑھ کر9240 روپے اور یونی لیورفوڈز کے بھائو146 روپے بڑھ کر3269 روپے ہوگئے جبکہ کولگیٹ پامولیو کے بھائو25 روپے کم ہوکر1325 روپے اور نیشنل فوڈز کے بھائو 13.13 روپے کم ہوکر249.50 روپے ہوگئے۔

مقبول خبریں