امریکا نے سوڈان کو بلیک لسٹ سے نکال دیا

یوں امریکا نے سوڈان کے ساتھ اپنے مراسم میں بنیادی تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے


Editorial December 16, 2020
یوں امریکا نے سوڈان کے ساتھ اپنے مراسم میں بنیادی تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے

امریکا نے سوموار کے دن سوڈان کو دہشت گردی کو فروغ دینے والے ممالک کی بلیک لسٹ سے نکال دیا ہے۔ یوں امریکا نے سوڈان کے ساتھ اپنے مراسم میں بنیادی تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔

اس سے سوڈان کے لیے بیرونی امداد کا راستہ بھی کھل گیا ہے، پابندیاں بھی ختم ہوجائیں گی۔ مغربی ملکوں کی طرف سے سوڈان میں سرمایہ کاری بھی کی جائے گی جس سے اس غریب ملک کی کایا کلپ ہو جائے گی۔ واضح رہے امریکا نے سوڈان پر 27 سال سے پابندیاں عائد کر رکھی تھیں۔

سوڈان کی عمر البشیرحکومت پر اسلامی عسکریت پسندوں کو پناہ دینے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔اب عمرالبشیر کا اقتدار ختم ہوچکا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھی سوڈان پر پابندیاں اٹھانے کی تصدیق کی ہے۔ سوڈانی دارالحکومت خرطوم میں امریکی سفارتخانہ بھی امریکی اقدامات کی تصدیق کر رہا ہے۔مائیک پومپیو نے اعلان کیا ہے کہ اب سوڈان کے ساتھ امریکی تعلقات میں بنیادی تبدیلی پیدا ہو گی۔ سوڈان کے آرمی چیف جنرل عبدالفتح البرہان نے سوڈانی عوام کو اس نئی پیش رفت پر مبارک باد پیش کی ہے۔

قبل ازیں سوڈان کے ڈکٹیٹر عمر البشیر کے خلاف تحریک چلائی گئی تھی جس پر انھیں برطرف کر دیا گیا۔ امریکی محکمہ خزانہ نے کہا ہے کہ امریکا سوڈان پر بھاری غیر ملکی قرضوں کو معاف کرانے میں بھی مدد دے گا۔ سوڈان کو دہشت گردی کو فروغ دینے والے ملکوں کی فہرست سے نکلانا، اسرائیل کو تسلیم کرنے کی جانب ایک اور قدم ہے۔ اسرائیل کا ایک وفد پہلے ہی سوڈان کا دورہ کر چکا ہے۔

مقبول خبریں