ٹی 10 لیگ پاکستانی کرکٹرز بھی ایکشن میں ہوں گے

پی سی بی نے امارات کرکٹ بورڈکواین او سی دینے کے فیصلے سے آگاہ کردیا


Saleem Khaliq December 17, 2020
پروٹیز سے ٹی20میچزکیلیے منتخب پلیئرزکو3فروری سے قبل واپس آنا ہوگا۔ فوٹو : فائل

آئندہ ماہ ٹی 10 لیگ میں پاکستانی کرکٹرزبھی ایکشن میں ہوں گے جب کہ پی سی بی نے امارات کرکٹ بورڈ کوفیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔

ابوظبی ٹی 10 کرکٹ لیگ کے اگلے ایڈیشن کا انعقاد28 جنوری سے6 فروری تک شیخ زید اسٹیڈیم میں ہوگا، اس میں پاکستانی کرکٹرزبھی جلوہ گر ہوں گے،پی سی بی نے امارات کرکٹ بورڈ کوفیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔

جنوبی افریقہ سے ٹی20 سیریز کیلیے منتخب کھلاڑیوں کو 3 فروری تک لاہور واپس آ کر بائیو ببل کا حصہ بننا ہوگا،پروٹیز سے میچز 11،13اور14تاریخ کو کھیلے جائیں گے،دیگر کھلاڑی آخر تک لیگ میں حصہ لے سکیں گے۔

گذشتہ برس پی سی بی نے کرکٹرزکو این او سی جاری کرنے کے بعد منسوخ کر دیے تھے، گوکہ اس کی وجہ کام کے بوجھ کو قرار دیا گیا مگرذرائع کے مطابق ایک اعلیٰ حکومتی شخصیت کے کہنے پر ایسا ہوا تھا،ان کوپی ایس ایل سے وابستہ ایک ''دوست'' نے ایسا کرنے کا کہا تھا، وہ لیگ کے منتظمین سے بعض وجوہات کی بنا پر ناراض تھے،اس فیصلے سے ایونٹ میں شریک پاکستان کی ٹیم قلندرز کو بڑا نقصان ہوا تھا،امارات کرکٹ بورڈ سے تعلقات بھی متاثرہو گئے تھے،نائب چیئرمین خالد الزورانی نے احسان مانی کو خط لکھ کر ناراضی بھی ظاہر کی تھی۔

انھوں نے فیصلے پرنظرثانی کا کہا توپی سی بی نے انھیں ''اعلیٰ شخصیت'' کی ہدایت کا بتاتے ہوئے حکومتی سطح پر رابطے کا مشورہ دیا تھا،اس ایونٹ میں مجموعی طور پر 16 پاکستانی کھلاڑیوں کو ایکشن میں آنا تھا مگر کوئی بھی بڑا پلیئر حصہ نہیں لے سکا تھا۔

دریں اثنا رابطے پر پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے تصدیق کی کہ پاکستانی کرکٹرز آئندہ برس ٹی ٹین لیگ میں حصہ لے سکیں گے، انھیں این او سی جاری کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے،البتہ جنوبی افریقہ سے سیریز کیلیے منتخب کرکٹرز کو3 فروری سے قبل واپس آنا ہوگا۔