اداکارہ فردوس بیگم کا انتقال

اداکارہ فردوس بیگم نے معروف ہدایت کار پرویز ملک کی شہرہ آفاق پنجابی فلم’’ ہیر رانجھا‘‘ میں ہیر کا کردار ادا کیا۔


Editorial December 18, 2020
اداکارہ فردوس بیگم نے معروف ہدایت کار پرویز ملک کی شہرہ آفاق پنجابی فلم’’ ہیر رانجھا‘‘ میں ہیر کا کردار ادا کیا۔ فوٹو: فائل

ماضی کی انتہائی خوبصورت اور بہترین پرفارمر فردوس بیگم گزشتہ روز لاہور میں اس جہان فانی سے کوچ کر گئیں۔ وہ اردو اور پنجابی فلموں کی مقبول ہیروئن تھیں،تاہم انھوں نے پشتوفلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ اداکارہ فردوس بیگم نے معروف ہدایت کار پرویز ملک کی شہرہ آفاق پنجابی فلم'' ہیر رانجھا'' میں ہیر کا کردار ادا کیا۔

اس فلم نے کامیابی کے ریکارڈ توڑ دیے۔اس فلم میں اداکارہ فردوس نے ہیر کے روپ میں ایسا لافانی کردار ادا کیا کہ فلم شائقین نے انھیں ہی اصل ہیر کے مماثل سمجھ کر انھیں ہیر کے نام سے ہی پکارنا شروع کردیا۔ اداکارہ فردوس بیگم کو برین ہمیرج کی وجہ سے تین روز قبل لاہور کے اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں بدھ کو وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔

ان کی عمر 73برس تھی۔فردوس بیگم کا اصل نام کوثر پروین تھا۔کیریئر کے ابتدا میں ان کی فلمیں زیادہ کامیابی حاصل نہ کر سکیں لیکن ہیر رانجھا سپر ہٹ ہوئی ۔ یوں وہ پاکستان فلم انڈسڑی کی کامیاب ترین ہیروئنز میں شامل ہوگئیں۔ اداکارہ فردوس نے ڈیڑھ سو سے زیادہ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی وفات کے ساتھ پاکستانی سنیما اسکرین کا ایک باب بند ہوگیا۔ اﷲ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔(آمین)

مقبول خبریں