تیز اور ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری 8 افراد جاں بحق13زخمی

بالاناڑی میں 2 دیہات زیرآب،بالائی علاقوں میں پہلی برفباری،آج بھی بارش کا امکان۔


News Agencies/Numaindgan Express September 08, 2012
بالاناڑی میں 2 دیہات زیرآب،بالائی علاقوں میں پہلی برفباری،آج بھی بارش کا امکان۔ فوٹو: فائل

ملک کے مختلف علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جمعے کو بھی جاری رہا، 8افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔

کوہ سیلمان کے پہاڑی سلسلوں سے آنے والے سیلابی ریلے نے کئی رابطہ سڑکیں آمدروفت کے لیے بند کردی ہیں، شاہ نورانی بلوچستان سے کراچی آنے والی زائرین کی جیپ اور جنوبی وزیرستان میں مسافر وین سیلابی ریلے میں بہہ گئیں جس سے 5 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔میرپورخاص اور نواب شاہ میں مکانوں سے چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے، پنگریو میں کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ حیدرآباد میں جمعہ کے روز بھی ہلکی بونداباندی ہوئی، جبکہ اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

جنوبی پنجاب کے کئی شہروں ، سوات سمیت مالاکنڈ ڈویژن میں بھی بارش ہوئی، چمنزیارتہرنائی، بارکھان سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں سے ندی نالے بپھر گئے ہیں، شاہ نورانی سے کراچی آنے والی زائرین کی جیپ سیلابی ریلے میں بہنے سے 3 افرادجاں بحق ہوئے،نوابشاہ، قاضی احمد، میرپورخاص، ڈگری، نوکوٹ، بدین، ماتلی، پنگریو، مٹھی، اور گردو نواح میں وقفے وقفے سے ہلکی اور موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا،کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی جو رات گئے بحال کردی گئی ۔