پی ٹی آئی کا حکومتی عہدیداروں کو سینیٹ ٹکٹ نہ دینے پر غور

میاں اسلم  ہفتہ 6 فروری 2021
پارٹی کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی حمایت کر دی، حتمی فیصلہ وزیر اعظم کریں گے۔ فوٹو: فائل

پارٹی کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی حمایت کر دی، حتمی فیصلہ وزیر اعظم کریں گے۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے کسی بھی حکومتی عہدہ رکھنے والے فرد کو سینیٹ کا ٹکٹ نہ دینے پر غورشروع کر دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے مشیروں، معاونین خصوصی یا کسی بھی حکومتی عہدہ رکھنے والے فرد کو سینیٹ کا ٹکٹ نہ دینے پر غورشروع کر دیا ہے۔ پارٹی کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی اس کی حمایت کردی ہے، حتمی فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔

حکومتی ذرائع کا کہناہے کہ اگر وزیر اعظم نے حکومتی عہدیداروں کو سینیٹ کا ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا تو بڑے بڑے زیر بحث ناموں کا سینیٹر بننے کا کوئی چانس نہیں رہے گا۔

مارچ میں ہونے والے سینیٹ انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں پرٹکٹوں کیلیے شدید دباؤ ہے،اس دباؤ اور پارٹی کے اندرگروپنگ سے بچنے کے لیے ہی پی ٹی آئی نے پہلے سینیٹ کے لیے درخواستیں طلب نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، سینیٹ ٹکٹ کیلیے وزیر اعظم کے بعض مشیر ، معاونین خصوصی اور حکومتی عہدے رکھنے والے افراد بھی سامنے آئے تھے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت اس ضمن میں اب تک دو اجلاس منعقد ہوچکے ہیں جن میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت، گورنر اور وزیر اعلیٰ پنجاب بھی شرکت کر چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔