منڈی میں آڑھتیوں کی اجارہ داری ختم سبزیوں کی نیلامی کا وقت تبدیل

15جنوری سے سبزیوں کی نیلامی صبح 4 بجے شروع ہوگی،ڈپٹی کمشنرایسٹ کی صدارت میں اجلاس، تاجروں کا فیصلے کا خیر مقدم


Business Reporter January 04, 2014
مارکیٹ ایڈمنسٹریٹر اور سیکریٹری کے اجلاس میں عدم شرکت پر ڈی سی کا اظہار برہمی ،ایڈمنسٹریٹر کا دفتر سیل کرنے کا حکم ۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

سبزی کی قیمتوں کو مناسب سطح پر رکھنے ،سرکاری نرخ کے اطلاق، سبزیوں کی مصنوعی نیلامیوں کے ذریعے مخصوص عناصر کی اجارہ داری اور منافع خوری کے خاتمے کے لیے کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی ہدایت پر سبزی منڈی میں ہری سبزیوں کی نیلامی کے اوقات تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

سبزی منڈی کی تاریخ میں پہلی بار ہری سبزیوں کی نیلامی رات 12بجے کے بجائے صبح 4 بجے سے کی جائے گی فیصلے پر 15جنوری سے عمل شروع ہوگا، ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر ایسٹ سمیع صدیقی کے دفتر میں جمعہ کو اجلاس میں منڈی کے اہم تاجروں عبدالخالق محمد یوسف، حاجی شاہجہاں اور زاہداعوان سمیت سرکاری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی، مارکیٹ کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر اور سیکریٹری اجلاس میں شریک نہ ہوئے جس پر ڈپٹی کمشنر سمیع احمد صدیقی نے برہمی کا اظہار کیا مارکیٹ کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر اور سیکریٹری اس سے قبل کمشنر ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوئے تھے، اجلاس میں ڈی سی ایسٹ نے منڈی کے امور میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرنیو الے مارکیٹ کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر اور سیکریٹری کی اجلاس میں عدم شرکت کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی کے گلشن اقبال میں واقع دفتر کو سیل کرنے کے احکامات جاری کردیے، انھوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی ، سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی اور تمام عملہ سبزی منڈی کے دفتر میں بیٹھے گا تاکہ مسائل کو فوری طور پر حل کیا جاسکے۔



اس موقع پر اتفاق رائے سے ہری سبزیوں کی نیلامی صبح 4 بجے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو7 بجے صبح تک جاری رہے گی7بجے سے پھل، آلو، پیاز ،لہسن، ادرک اور ٹماٹر کی نیلامی شروع ہوگی،اجلاس میں شریک تاجروں نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے منڈی کے بیوپاریوں، فروخت کے لیے مال لانے والے کاشتکاروں اور شہر سے خریداری کے لیے منڈی آنے والے ریٹیلرز اور سبزی فروشوں کے لیے معاون فیصلہ قرار دیا، تاجروں کے مطابق ہری سبزیوں کی صبح کے وقت نیلامی میں شہر کے زیادہ سے زیادہ سبزی فروش شرکت کرسکیں گے اس سے قبل سبزی فروشوں کے لیے رات کے وقت منڈی پہنچنا دشوار تھا امن و امان کے مسائل ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی اور جرائم کی وارداتوں کی وجہ سے رات کے وقت کی جانیو الی نیلامیوں پر مخصوص گروہ کی اجارہ داری قائم تھی اور یہ ہی عناصر رات کے وقت آپس میں سودے طے کرکے صبح خریداری کے لیے آنے والے شہر کے سبزی فروشوں سے من مانی قیمتیں وصول کررہے تھے، منڈی میں ہری سبزی کی نیلامی کے اوقات کار میں تبدیلی کے بارے میں آئندہ 2 ہفتوں میں منظم تشہیری مہم چلائی جائیگی منڈی میں نئے اوقات کے لیے بینرز آویزاں کیے جائیں گے، سبزی منڈی کے مسائل کے حل اور پرائس کنٹرول طریقہ کار پر غور کے لیے آئندہ اجلاس جمعرات کو کمشنر ہاؤس میں ہوگا۔