پاکستانی نوجوان کوہ پیما کا عالمی اعزاز

زبیر نذیر خان  منگل 16 فروری 2021
 اسد میمن نے چوٹی پر پہنچ کر پاکستان کا قومی پرچم لہرایا ۔ فوٹو : فائل

اسد میمن نے چوٹی پر پہنچ کر پاکستان کا قومی پرچم لہرایا ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: سندھ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نوجوان کوہ پیما اسد علی میمن نے افریقا کے سب سے بلند پہاڑ کلیمانجارو کو 20 گھنٹے میں سر کرنے کا کارنامہ انجام دے دیا، وہ ایک دن  میں یہ معرکہ سر کرنے والے پہلے ایشیائی بن گئے۔

ضلع لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ اسد علی میمن اس سے قبل ارجنٹائن میں واقع جنوبی امریکا کی سب سے اونچی چوٹی ایکونکاگوا کو سر کر چکے ہیں، اسد میمن بدھ کی شب کراچی سے تنزانیہ روانہ ہوئے تھے، کورونا کے سبب دو یوم قرنطینہ میں رہنے کے بعد وہ ہفتے کو  اپنی مہم پر روانہ ہوئے۔

اسد علی میمن نے برفانی اور برساتی موسم میں ایک دن میں 19 ہزار 340 فٹ بلند پہاڑ  کلیمانجارو  کی چوٹی سر کرنے کا کارنامہ انجام دیا، اس سے قبل سوئزر لینڈ کے کوہ پیما کارل ایگلوف نے 6  گھنٹے 42 منٹ میں کلیمانجارو پر چڑھ کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا، ایگلوف کے ریکارڈ کو توڑنے کے خواہش مند اسد علی میمن محدود وسائل اور جدید آلات کی  عدم موجودگی کے سبب ایسا نہ کر پائے لیکن  وہ 24 گھنٹوں میں چوٹی پر پہنچنے کی کوشش میں ضرور کامیابی پالی۔

تنزانیہ میں پاکستان کے سفارت خانے نے اسد میمن کے کامیاب مشن کی  تحریری طور پر تصدیق کرتے ہوئے اسے ملک کے لیے ایک بڑی کامیابی بھی قرار دیا ہے۔

سفارت خانے کے مطابق اسد میمن نے بھرپور عزم کی بدولت  اپنے مشن کی تکمیل  کو یقینی بنایا، اسد علی نے مہم سے قبل چار ماہ کے دوران اپنی صلاحیت بڑھانے اور پھسلنے والی زمین پر چلنے  کی مشق کی تھی، اسد میمن کو مارنگو روٹ سے شروعاتی نقطہ سے چوٹی تک 64 کلومیٹر کی دوری پر دوڑنا پڑا، اس دوران 15 کلومیٹر کے جنگل  سے بھی گزرے، پیدل سفر میں عام جوتے کے ساتھ پھسلن والی زمین پر بھی دوڑنے والے اسد میمن نے چوٹی پر پہنچ کر پاکستان کا قومی پرچم لہرایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔