ملتان سلطانز محمد رضوان کی فارم سے فائدہ اٹھانے کے خواہاں

اسپورٹس رپورٹر / اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 18 فروری 2021
شاہد آفریدی کی موجودگی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنے گی، ہیڈکوچ۔ فوٹو: فائل

شاہد آفریدی کی موجودگی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنے گی، ہیڈکوچ۔ فوٹو: فائل

 کراچی: ملتان سلطانز کپتان محمد رضوان کی عمدہ فارم سے فائدہ اٹھانے کے خواہاں ہیں جب کہ ہیڈ کوچ اینڈی فلاور کا کہنا ہے کہ وکٹ کیپر بیٹسمین کو قیادت سونپنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا۔

ورچوئل میڈیا کانفرنس میں ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاور نے کہاکہ ڈرافٹ میں ہمیں بہتر کھلاڑی میسر آگئے، کئی باصلاحیت نوجوان کرکٹرز بھی شامل ہیں، ٹیم انتہائی متوازن اور تمام تر ہتھیاروں سے لیس ہے،امید ہے کہ سینئرز اور جونیئرز کا کمبی نیشن توقعات کے مطابق کارکردگی پیش کریگا۔

انھوں نے کہا کہ شان مسعود کی جگہ محمد رضوان کو قیادت سونپنے کا فیصلہ بہت سوچ بچار کے بعد کیا، وکٹ کیپر بیٹسمین نے ڈومیسٹک کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی اپنی قائدانہ صلاحیتیں ثابت کردیں،ان کی فارم کا فائدہ بیٹنگ، وکٹ کیپنگ اور کپتانی تینوں میں اٹھائیں گے، بطور بیٹسمین شان مسعود کی خدمات کے بھی معترف ہیں،وہ بیٹنگ میں اچھی کارکردگی پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

شاہد آفریدی کے حوالے سے سوال پر اینڈی فلاور نے کہا کہ ہر کھلاڑی کا ایک دور ہوتا ہے، انھوں نے اپنے کیریئر میں بہترین پرفارم کیا، بعض سینئرز اپنی شخصیت کی بدولت ٹیم کیلیے اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، آفریدی کی موجودگی سے ڈریسنگ روم کے ماحول پر بہترین اثرات مرتب ہونگے۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ اْبھرتے ہوئے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی اور محمد عمر سے بہت توقعات وابستہ ہیں، اسپن بولنگ کا شعبہ بھی بہت مضبوط ہے، عثمان قادر جیسے باصلاحیت لیگ اسپنر کی موجودگی میں حریفوں کی وکٹیں اڑانے کی اچھی پلاننگ کرسکیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔