کراچی؛ ملیر کورٹ میں سندھ کی پہلی جونائیل عدالت کا افتتاح

اسٹاف رپورٹر  بدھ 24 فروری 2021
عدالتوں کے قیام کا مقصد جونائل جسٹس سسٹم ایکٹ کے تحت بچوں کوانصاف کی فراہمی ہے،چیف جسٹس نے عدالت کا افتتاح کیا۔ فوٹو: ایکسپریس

عدالتوں کے قیام کا مقصد جونائل جسٹس سسٹم ایکٹ کے تحت بچوں کوانصاف کی فراہمی ہے،چیف جسٹس نے عدالت کا افتتاح کیا۔ فوٹو: ایکسپریس

 کراچی.: سندھ میں پہلی بچوں کی عدالت کا افتتاح ہوگیا،ملیر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں جونائیل کورٹ قائم کردی گئی۔

کراچی کے ضلع ملیر سیشن کورٹ میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ نے پردہ کشائی کرکے ملیر کورٹ میں قائم بچوں کی عدالت کا افتتاح کیا اور کورٹ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے ہمراہ دیگر ہائیکورٹ کے جج صاحبان بھی موجود تھے،گروپ ڈیولپمنٹ پاکستان سول سوسائٹی آرگنائزیشن نے سندھ ہائی کورٹ کے ساتھ مل کر جویوینائل جسٹس سسٹم ایکٹ (جے جے ایس اے) 2018 کے تحت عدالت تیار کی ہے۔

کورٹ میں 18 سال سے کم عمر بچوں کے ہر قسم کی شکایات اور مقدمات سنے جائیں گے اور 6 ماہ میں بچوں کی شکایات اور مقدمات سے متعلق معاملات کا فیصلہ کیا جائے گا،سندھ جوڈیشل اکیڈمی میں عدالتی عملے (جوڈیشل اسٹاف) کی تربیت (ٹریننگ) بھی کرائی گئی ہے۔

دوسری بچہ کورٹ کا افتتاح کل بروز بدھ ضلع شرقی میں ہوگا،پاکستان میں اب تک 7 بچوں کی عدالتیں موجود ہیں جبکہ سندھ میں یہ پہلی بچوں کی عدالت ہے،صوبے میں بچوں کی عدالتوں کے قیام کی کوششوں کا مقصد جونائل جسٹس سسٹم ایکٹ (جے جے ایس اے) 2018 اور آئین پاکستان کے تحت بچوں کو انصاف کی فراہمی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔