سینیٹ کا اجلاس آج ہوگا الطاف حسین کے بیان پر بحث کا امکان

2روزوقفے کے بعداجلاس میں پرویزمشرف کی بیماری بھی موضوع بحث رہے گی


INP January 06, 2014
2روزوقفے کے بعداجلاس میں پرویزمشرف کی بیماری بھی موضوع بحث رہے گی. فوٹو: فائل

سینیٹ کا ا جلاس2 روز کے وقفے کے بعد آج (پیر کو) چئیر مین سینیٹ سید نیر حسین بخاری کی زیر صدرات ہو گا، اجلاس میں ایجنڈے کی کارروائی سمیت ملکی سیکیورٹی اور سیاسی صورتحال پر بحث کی جائے گی۔

نجی کارروائی کادن ہونے کے باعث اراکین اپنی تحاریک اور بل ایوان میں پیش کریںگے۔اجلاس میں خاص طور پر سابق صدرپرویزمشرف کی بیماری اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی طرف سے سندھ کی تقسیم کے بارے میںبیان زیر بحث آئے گا اور دونوں ایشوز پر ایوان میں خاصا ہنگامہ متوقع ہے۔

 photo 5_zps74e04e00.jpg

معلوم ہوا ہے کہ پیپلزپارٹی اور اے این پی نے سندھ کی تقسیم سے متعلق ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بیان کے بعد پیر کو سینیٹ میں معاملہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن اور اے این پی کے قائم مقام صدر، پارلیمانی لیڈر حاجی عدیل خان کے درمیان گزشتہ روز باقاعدہ رابطہ ہوا۔ دونوں رہنمائوں نے الطاف حسین کے بیان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے عوام کی توجہ سابق صدر پرویز مشرف کے غداری کیس سے ہٹانے کیلیے ایسی متنازع باتیں کی ہیں۔