خیبرپختونخوا میں کورونا ویکسینیشن بہتر بنانے کی نئی حکمت عملی متعارف

شاہدہ پروین  ہفتہ 6 مارچ 2021
اسپتالوں کے ایم ایس معمول کے مطابق کورونا ویکسی نیشن جاری رکھیں ، محکمہ صحت خیبرپختونخوا فوٹو: فائل

اسپتالوں کے ایم ایس معمول کے مطابق کورونا ویکسی نیشن جاری رکھیں ، محکمہ صحت خیبرپختونخوا فوٹو: فائل

 پشاور: محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے طبی عملے کی کورونا ویکسی نیشن کو مزید بہتر بنانے کے لئے نئی حکمت عملی متعارف کرادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے پشاور سمیت صوبہ بھر میں طبی عملے کی کورونا ویکسینیشن کو بہتر بنانے کے لئے نئی حکمت عملی متعارف کرادی۔ اس سلسلے میں خیبرپختونخوا کے اسپتالوں میں اتوار کی چھٹی کے روز بھی طبی عملے کو کورونا ویکسین لگانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر نیاز کے مطابق تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کو نگرانی کے احکامات جاری کردئے گئے ہیں جبکہ اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو اس سلسلے میں واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو معمول کے مطابق کورونا سے بچاؤ کی ویکسی نیشن جاری رکھی جائے۔ اس سلسلے میں اسپتالوں کی انتظامیہ کو طبی عملے کو کورونا ویکسی نیشن کی انفرادی تفصیلات بھی مرتب کرکے محکمے کو ارسال کرنے کا کہا گیا ہے۔

ڈاکٹر نیاز کا مزید کہنا تھا کہ جن اسپتالوں میں کورونا ویکسی نیشن سست روی کا شکار ہے انہیں ناپسندیدگی کے خطوط ارسال کئے جائیں گے۔ جلد ہی صوبے میں کمیونٹی ویکسین مہم شروع کی جارہی ہے جو مارچ کے آخر تک شروع کی جائے گی، اس کے لئے صوبے کو 929 لاکھ خوراکیں ملیں گی جب کہ روز 60 سے 70 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔اس حوالے سے محکمے نے ویکسینیشن سینٹرز میں اضافہ کرکے ایک ہزار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔