لاہورسفاری میں ٹرین چلانے سمیت مختلف منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ

آصف محمود  اتوار 7 مارچ 2021
لاہورسفاری پارک میں پہلے سے موجود سہولتوں کو بھی اپ گریڈ کیاجائے گا، انتظامیہ فوٹو: فائل

لاہورسفاری پارک میں پہلے سے موجود سہولتوں کو بھی اپ گریڈ کیاجائے گا، انتظامیہ فوٹو: فائل

 لاہور: سفاری زومیں سیاحوں کی دلچسپی اورسہولیات بڑھانے کے لئے یہاں سفاری ٹرین چلانے سمیت مختلف منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رائیونڈ روڈ پر واقع لاہور سفاری زو شہر سے دور ہونے کی وجہ سے یہاں پہنچنے کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ میسر نہیں جبکہ 80 ایکڑ رقبے پر پھیلے سے سفاری زو میں پیدل گھومنا بھی آسان کام نہیں ہے۔ اسی لئے زیادہ ترشہری اپنی ذاتی سواری پرہی یہاں تفریح کے لئے آتے ہیں۔ پنجاب وائلڈلائف نے لاہورسفاری زومیں سیاحوں کی سہولت اوردلچسپی کے لئے یہاں سفاری ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے، اس کے علاوہ یہاں فش ایکوریم اورواٹرتھیم پارک بھی بنائے جائیں گے۔

لاہور سفاری زو کے ڈپٹی ڈائریکٹرشیخ زاہد نے بتایا سفاری پارک کو اپ گریڈکرنے اورسیاحوں کی دلچسپی بڑھانے کے لئے حکومت کو مختلف منصوبے پیش کئے گئے تھے جن کا جائزہ لینے کے لئے وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پرایک کمیٹی 10 مارچ کولاہورسفاری زو کا وزٹ کریگی اورانہیں ان منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی جائیگی۔ پہلے سے موجود سہولتوں کوبھی اپ گریڈ کیاجائیگا

سفاری ٹرین کے متعلق بتایا گیا ہے کہ یہ ٹرین ان شہریوں کے لئے فائدہ مند ہوگی جو پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے یہاں پہنچتے ہیں۔ وہ مرکزی گیٹ کے قریب سے ٹرین میں سوارہوں جوانہیں پورے سفاری پارک کی سیرکروائی گی۔ ٹرین کے تین اسٹیشن بنائے جائیں گے جہاں سیاح اترسکیں گے۔ فش ایکوریم جدید طرزپربنایاجائیگا ، ایکوریم میں داخل ہوتے ہی مختلف اقسام کی مچھلیاں شیشے سے بنی دیواروں کے پیچھے تیرتی نظرآئیں گی ،اسی طرح یہاں وائلڈلائف میوزیم بھی قائم ہوگا جس میں پاکستان میں موجود اورناپید ہوچکی جنگلی حیات کو حنوط شدہ شکل میں رکھا جائیگا۔

ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے شیخ زاہد کا کہنا تھا لاہورسفاری پارک کے وسیع وعریض رقبہ ہے ، اسی وجہ سے یہاں واٹرتھیم پارک بنانے کا بھی منصوبہ ہے۔جہاں بچوں اوربڑوں کے لئے واٹرسلائیڈبنائی جائیں گی جہاں بچے اورفیملیز انجوائے کرسکیں گی۔

ذرائع کے مطابق لاہورسفاری پارک میں یہ منصوبے پبلک پرائیویٹ سیکٹرکی مدد سے شروع کئے جانے کی تجویزہے، مختلف کمپنیوں کو یہاں واٹرتھیم پارک،سفاری ٹرین اور فش ایکوریم کے قیام کی پیش کش کی جائیگی،کامیاب بولی دہندگان کو مخصوص عرصے کے لئے سفاری پارک اراضی لیزپردے گا،مدت مکمل ہونے کے بعد یہ منصوبے سفاری پارک کی ملکیت ہوں گے۔وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پرصوبائی وزیرجنگلی حیات سیدصمصام بخاری سمیت پنجاب وائلڈلائف سمیت مختلف محکموں کے حکام 10 مارچ کو سفاری پارک کا دورہ کریں گے۔ کمیٹی ان منصوبوں کی منظوری کے بعد سفارشات تیارکرکے صوبائی کابینہ کو بھیجے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔