منڈی کے راستے پر ڈکیت قابضسبزی فروش لوٹ مار سے پریشان

منڈی سے پہلے مرکزی سڑک پر ڈاکوؤں کا جتھا شہر سے آنیوالے سبزی فروشوں کا انتظار کرتا ہے


Business Reporter January 08, 2014
سبزی فروشوں کو یرغمال بناکر تلاشی لی جاتی ہے،مزاحمت پر تشددکیا جاتا ہے،ڈاکودیدہ دلیری سے چھوٹی گاڑیوں میں سپر ہائی وے پرگشت کرنے لگے فوٹو: فائل

PESHAWAR: شہر سے خریداری کے لیے سبزی منڈی کا رخ کرنے والے سبزی فروشوں نے کراچی سبزی منڈی کے اطراف میں لوٹ مار کی بڑھتی وارداتوں کی روک تھام کے لیے منڈی کے اطراف بالخصوص گنا منڈی کے علاقے میں رینجرز کی چوکی قائم کرنے اور پٹرولنگ میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔

شہر کے خوردہ سبزی فروشوں کے مطابق یومیہ سیکڑوں سبزی فروش اپنی جان خطرے میں ڈال کر سبزی منڈی کا رخ کرتے ہیں اور ہ ہر روز درجنوں سبزی فروش منڈی جاتے ہوئے لٹ جاتے ہیں،کمشنر کراچی کی جانب سبزیوں کی نیلامی صبح سویرے کرنے سے سبزی فروشوں کی مشکل کسی حد تک آسان ہوگی تاہم لوٹ مار کی وارداتوں کا خطرہ موجود ہے، سبزی فروشوں نے بتایا کہ لوٹ مار کی زیادہ وارداتیں صبح اجالے کے بعد کی جاتی ہیں جس وقت شہر کے تمام سبزی فروش منڈی کا رخ کرتے ہیں، منڈی سے پہلے مرکزی سڑک پر ڈاکوؤں کا مسلح جتھا ان کا استقبال کرتا ہے،ڈاکو دیدہ دلیری سے موٹرسائیکل اور چھوٹی کاروں میں سوار ہوکر گشت کرتے ہیں اور سپر ہائی وے پرگاڑیوں کے سامنے رکاوٹیں کھڑی کرکے اور تعاقب کرکے پک اپ گاڑیوں میں منڈی جانے والے سبزی فروشوں کو یرغمال بناکر گنا منڈی کے اطراف میں ہائی وے سے3 کلومیٹر اندر لے جاکر سبزی فروشوں کی جامہ تلاشی لی جاتی ہے ۔



تلاشی کے دوران کپڑوں کو جھاڑ کر خفیہ جگہوں سے بھی رقم نکال لی جاتی ہے یہ کارروائی پولیس کے خوف کے بغیر انتہائی اطمینان کے ساتھ کی جاتی ہے اس دوران مزاحمت کرنے والوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے بعض اوقات خاطر خواہ رقم نہ ملنے پر بطور سزا سبزی فروشوں کو برہنہ کرکے قطار میں کھڑا کردیا جاتا ہے جبکہ ڈاکو فرار ہونے والی گاڑیوں پر براہ راست فائرنگ بھی کرتے ہیں، ڈکیتی اور لوٹ مار کی شکایت پر پولیس اہلکار سبزی فروشوں کو خاموشی اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ شکر کرو جان بچ گئی یہ لوگ بہت ظالم ہیں بہت کم ہی لوگوں کو زندہ چھوڑتے ہیں، پولیس کی جانب سے ڈکیتوں کے خلاف کارروائی کے بجائے خاموشی اختیار کرنے کے مشورے سے شبہ ہے کہ ڈکیتی کی وارداتیں پولیس کی سرپرستی میں کی جارہی ہیں،کئی سبزی فروشوں نے روز کی لوٹ مار پر کاروبار ترک کردیا ہے،سبزی منڈی تک محفوظ طریقے سے رقم لے جانے کا کوئی طریقہ نہیں رہا لوٹ مار کے نتیجے میں سبزی مہنگی ہورہی ہے، سبزی فروشوں نے کمشنر کراچی سے اپیل کی ہے کہ شہریوں کے مفاد اور سبزی فروشوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے صبح کے وقت سپر ہائی وے پر رینجرز کی پٹرولنگ اور رینجرز کی پکٹس قائم کی جائیں۔